چودھری پرویز الٰہی کی رانا ثناء اللہ کے خلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے ٹاک شو کا ٹرانسکرپٹ اور اخباری خبر طلب کرلی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپیکر پنجاب اسمبلی اور امیدوار برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے ٹاک شو کا ٹرانسکرپٹ اور اخباری خبر طلب کرلی۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز "کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، بنچ میں جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے اپنی درخواست میں رانا ثناء اللہ ، حمزہ شہباز ، مریم اورنگزیب کو فریق بنایا ، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی اور اتحادی جماعت کے 5 ایم پی اے غائب کرنے کی دھمکی دی ہے جو توہین عدالت ہے ، سپریم کورٹ نے یکم جولائی کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا حکم دیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر امن الیکشن کی یقین دہانی کرا چکے ہیں ۔
درخواست میں کہا گیا کہ رانا ثناء اللہ نے 5 ایم پی اے غائب کرنے کی دھمکی دے کر ہراساں کیا ، عدالت رانا ثناء اللہ ، مریم اورنگزیب اور حمزہ شہباز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔عدالت نے رانا ثناء اللہ کے بیان کی اخباری خبر اور ٹی وی ٹاک شو کا ٹرانسپکرپٹ طلب کیا ، ٹرانسپکرٹ موصول ہونے پر سماعت دوبارہ ہو گی ۔
خیال رہے کہ 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا جس کیلئے موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور موجودہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی امیدوار ہیں ۔
پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج نے موجودہ حکومت کی عددی اکثریت ختم کر دی ہے ، 20 میں سے 15 نشستیں جیتنے کے بعد تحریک انصاف اور اتحادی جماعت کی نشستیں 188 جبکہ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے پاس 179 نشستیں ہیں ۔ 22 جولائی کو ہونے والے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں چودھری پرویز الٰہی کی فتح کے امکانات روشن ہیں ۔