کوشش ہے کہ سستی روٹی پروجیکٹ رمضان کے بعد بھی جاری رہے: حافظ نعیم الرحمن

      کوشش ہے کہ سستی روٹی پروجیکٹ رمضان کے بعد بھی جاری رہے: حافظ نعیم الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الخدمت کے تحت لاک ڈاؤن سے متاثرہ کم آمدنی والے افراد کی سہولت کے لئے شہر بھر کے دیگر مقامات کی طرح اتحاد ٹاؤن میں بھی الخدمت تندور کا آغاز کردیا گیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پانچ روپے میں روٹی کی فراہمی کا یہ پروجیکٹ رمضان کے بعد بھی جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت تندور کا مقصد سفید پوش طبقے کو باعزت طور پر سستی روٹی فراہم کرنا ہے۔اس سے کسی کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوگی اور نہایت کم قیمت میں ان کی ضروریات پوری ہو جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتحاد ٹاؤن میں جھنگوی چوک،مفتی محمود چوک اور محمد خان کالونی میں الخدمت تندور کے افتتاح کے موقع پر کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع غربی فضل احد صدر الخدمت ضلع غربی گل واحد ندیم،ناظم علاقہ اتحاد ٹاؤن محمد رحیم،سید اسلام،ظہور شیرازی نعیم خان،شیر دل و دیگر موجود تھے۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمان نے فضل احد،ماسٹر امین اللہ،مدثر حسین انصاری اورناظم علاقہ عبد الحنان کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں الخدمت میگا راشن سینٹر اورنگی ٹاؤن کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر موجود کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کے رضا کارمشکل کی اس گھڑی میں کورونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن کے باوجود عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔حکومتی اقدامات محض اعلانات اور میٹنگز تک محدود ہیں وفاقی اور صوبائی حکومت عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کے بجائے سیاست کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضاء کار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔الخدمت کے تحت قبل از رمضان سے اب تک شہر بھر میں قائم راشن سینٹرز سے یومیہ ہزاروں راشن مستحق اور نادار گھرانوں کو فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف اور راشن فراہم کرنے کے جو وعدے اور اعلانات کیے تھے وہ سب دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، تشہیر کے باوجود حکومت کا ریلیف پروگرام کہیں نظر نہیں آرہا۔ طویل لاک ڈاؤن کے باعث محنت کش، تاجر سمیت عوام کی اکثریت شدید متاثر ہیں جبکہ حکومت وسائل اور اختیارات کے باوجود مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔جماعت اسلامی اور الخدمت اپنے محدود وسائل اور اہل خیر کے تعاون سے ضرورت مندوں اور مستحقین کی مدد کے لئے کوشاں ہیں۔#