کراچی،2005 سے فیس بڑھانے والے اسکولوں کی تفصیل طلب

کراچی،2005 سے فیس بڑھانے والے اسکولوں کی تفصیل طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (ِ اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے اسکول فیس میں 5فیصد سے زائد اضافے سے متعلق کیس میں 2005سے حکومتی منظوری کے بغیر فیس بڑھانے والے اسکولوں کی تفصیل طلب کرلی ہے،دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسکول کھولنے کے بعد فیسوں میں مزید اضافہ کردیا گیا، عدالتی احکامات کا مذاق مت بنائیں، اپنے حکم پرعمل درآمد یقینی بنانا چاہتے ہیں۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں اسکول فیسز میں 5 فیصد سے زائد اضافے کے خلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی ، ڈی جی پرائیویٹ اسکولز ڈاکٹرمنصوب صدیقی عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہاکہ توہین عدالت کی درخواست کی کاپی نہیں ملی، عدالتی حکم پرعمل درآمدرپورٹ جمع کرادی ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا درخواست کی کاپی کیاگھرپرجاکردیں گے؟ پرانے ریٹس پر فیسوں کے چالان ایشو کریں۔جسٹس عقیل احمد نے استفسار کیا سپریم کورٹ میں سماعت اورحکم امتناع سے متعلق پوچھاتھا، لوگ پریشان ہیں،عدالتی حکم پرعمل کابتائیں، سماعت مزیدملتوی کریں گے تولوگ مزیدپریشان ہوں گے۔عدالت نے کہاکہ اسکول کھولنے کے بعد فیسوں میں مزیداضافہ کردیا، عدالتی احکامات کا مذاق مت بنائیں، جس پروکیل فاؤنڈیشن اسکول نے بتایا 5فیصد سے زیادہ فیس میں اضافہ نہیں کیا، اسکول مالکان عدالتی حکم پر بالکل عمل درآمدنہیں کررہے، جسٹس عقیل احمدعباسی نے کہاکہ عدالت کو معاملات کا پتہ ہوتا ہے، جواضافی اسکول فیس لے گئی وہ ایڈجسٹ کرنے کا کہا ہے۔بیکن ہاؤس اور سٹی اسکول کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے ، جسٹس محمدعلی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ آپ چاہتے ہیں عدالت فردجرم عائدکرے، آپ اپنی درخواست واپس لیں۔ڈی جی پرائیویٹ اسکول سے مکالمہ میں کہاکہ ہم نے درخواست دی کہ ہم والدین کوکہیں فیس جمع کرائیں؟ آپ نے کہاکہ ریکارڈبارش میں خراب ہوگیا،اپنے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہتے ہیں۔سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکول سے2005 سے فیس میں اضافے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کی بغیرمنظوری فیس بڑھانے والوں کی تفصیلات دیں۔درخواست گزار نے کہاکہ اسکول والے2 سے 3 ماہ کی فیسیں ایک ساتھ لے لیتے ہیں، جس پر اسکول مالکان نے کہاکہ اضافی فیس سپریم کورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔