گلگت بلتستان الیکشن، بلاول اور مریم دیکھتے رہ گئے، تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت مل گئی
گلگت (ڈیلی پاکستان آن لائن) گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو ہونے والے الیکشن کے بعد اب وفاقی حکمران جماعت تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت مل گئی ہے۔
گلگت بلتستان سے 7 امیدوار آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئے تھے جن میں سے 6 نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جمعہ کو جی بی 15 دیامیر 1 سے کامیاب ہونے والے حاجی شاہ بیگ بھی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، 5 آزاد امیدوار پہلے ہی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرچکے تھے، جس کے بعد تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان میں 23 نشستوں پر الیکشن ہوا تھا جن میں سے 10 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جبکہ 6 آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد یہاں حکمران جماعت کی کل نشستیں 16 ہوگئی ہیں۔ پی ٹی آئی کو اپنی اتحادی جماعت مجلس وحدت مسلمین کے ایک امیدوار کی بھی حمایت حاصل ہے۔