چوہوں سے متاثر امریکی شہروں میں نیو یارک پہلے نمبر پر آگیا
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)نیویارک چوہوں سے متاثر امریکی شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے سب سے زیادہ چوہوں سے متاثرہ شہر کے طور پر نیو یارک شہر کو نئی رپورٹ میں سرفہرست قرار دیا گیا ہے، جو نیویارک کے شہریوں کے لیے کوئی حیرت کی بات نہیں ہے کیونکہ وہ اکثر چوہوں کو پارکوں، کھیل کے میدانوں اور سب وے اسٹیشنوں میں بڑھتے ہوئے دیکھتے ہیں۔
کیڑوں کو کنٹرول کرنے والی کمپنی نے اپنے ڈیٹا کی بنیاد پر 50 شہروں کی نئی فہرست جاری کی ہے، جس میں نیویارک کو سب سے زیادہ ان کی خدمات لینے والا شہر قرار دیا ہے۔
اس کے بر عکس نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بھی گزشتہ سال چوہوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے نوکری کا اشتہار دینے کے بعد کیتھلین کوراڈی کو چوہے کنٹرول کرنے کیلئے کوآر ڈینیٹر مقرر کیا گیا تھا، جس میں کیتھلین کوراڈی کا معاوضہ سالانہ ایک لاکھ 55 ہزار ڈالر مقرر کیا گیا تھا، پھر بھی شہر کے رہائشیوں کو بار بار کمپنی کی خدمات کی ضرورت محسوس ہوئی۔
فہرست کے مطابق دوسرے نمبر پر چوہوں سے متاثرہ شہر سان فرانسسکو رہا، جبکہ تیسرے نمبر پر لاس اینجلس اور ٹاپ 5 میں فلاڈیلفیا اور واشنگٹن ڈی سی بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق نیویارک میں "چوہوں کے خاتمے" کی خدمات کےلیے تلاش میں 107 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تاہم نیو یارک کے محکمہ صفائی نے یہ دعویٰ کیا کہ پچھلے 13 مہینوں میں سے 12 مہینوں میں چوہوں کے دیکھے جانے کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
شہر نے کچرے کے بہتر انتظام کےلیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں چوہوں کو ختم کرنے کےلیے خشک برف کا استعمال اور چوہوں کی پیدائش پر قابو پانے کا پروگرام بھی شامل ہے۔