چارسدہ ،4طلباء کی کالج انتظامیہ کے مائیگریشن سے انکار پر خودکشی کی دھمکی

چارسدہ ،4طلباء کی کالج انتظامیہ کے مائیگریشن سے انکار پر خودکشی کی دھمکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورورپورٹ) چارسدہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے چار طلباء نے کالج انتظامیہ کی طرف سے مائیگریشن سرٹیفیکیٹ دینے سے انکا ر پر خود کشی کا اعلان کر دیا ۔ پی آئی ٹی کالج کے پرنسپل ناصر خان نے ہمیں منڈی کے بھیڑ بکریوں کی طرح سی آئی ٹی کالج پر فروخت کر دیا ہے ۔مائیگریشن کیلئے انتظامیہ 21 ,21ہزار روپے طلب کر رہے ہیں۔ کالج پرنسپل نے تمام الزامات مسترد کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے چار طلباء اعزاز ، محمد علی ، نعمان جان اور عاصم شاہ نے چارسدہ پریس چیمبر میں میڈیا کو بتایا کہ وہ پروفیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پڑھتے رہے مگر کچھ عرصہ پہلے کالج پرنسپل ناصر خان نے مذکورہ کالج کو چارسدہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مالک سلیم الدین پر فرو خت کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سینکڑوں طلباء کو بھیڑ بکریوں کی طرح سی آئی ٹی میں دھکیل دیا گیا جس سے طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ٹی کے تعلیمی معیار سے وہ مطمئن نہیں اس لئے وہ دوسرے کالج مائیگریشن کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے انہوں نے ناصر خان کو پانچ ، پانچ ہزار روپے دئیے ہیں مگر اب سی آئی ٹی کے پرنسپل سلیم الدین ہم سے مائیگریشن کے مد میں 21,21ہزار روپے طلب کر رہے ہیں جو ظلم و نا انصافی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج انتظامیہ کے غیر قانونی مطالبے کے حوالے سے انہوں نے باقاعدہ طو ر پر ڈپٹی کمشنر منتظر خان اور اسسٹنٹ کمشنر طلعت فہد کو تحریری درخواستیں بھی دی ہیں مگر ا س پر کوئی عمل در آمد نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ کالج انتظامیہ کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو وہ فاروق اعظم چوک چارسدہ میں اجتماعی خود کشی کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنر اور کالج انتظامیہ پر ہو گی ۔ دوسری طرف سی آئی ٹی کالج کے پرنسپل سلیم الدین نے اس حوالے سے اپنے موقف میں بتایا کہ طلباء کے ذمہ سات مہینوں کے واجبات اور پروموشن فیس بقایا ہے ۔ جب تک مذکورہ طلباء واجبات کلےئر نہیں کر تے مائیگریشن سرٹفیکیٹ فراہم نہیں کرینگے جبکہ پی آئی ٹی کالج کے پرنسپل ناصر خان نے اپنے موقف میں بتایا کہ طلباء کی داد رسی کی جائیگی اور مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائیگا۔