سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اگلا اجلاس 27جنوری کو ہوگا
کراچی ( سٹاف رپورٹر) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اگلا اجلاس پیر 27 جنوری 2025 کو ہوگا، جس میں نئی مانیٹری پالیسی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد مانیٹری پالیسی کے فیصلے کا اعلان اسی دن مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔گزشتہ پانچ اجلاسوں میں مرکزی بینک نے افراط زر کی شرح میں کمی پالیسی ریٹ میں 900 بیسس پوائنٹس کی کمی کی ہے۔ایک بروکریج ہاﺅس کے مطابق اسٹیٹ بینک کلیدی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کر سکتا ہے۔انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز نے پیر کو جاری ایک نوٹ میں کہاکہ، آئندہ اجلاس میں ایک اعتدال پسند 100بیسس پوائںٹس کم کئے جاسکتے ہیں، جو ہمارے خیال میں مارکیٹ پر اثر نہیں ڈالے گا۔ تاہم، شرح میں ایک چھوٹی کٹوتی کو منفی طور پر لیا جائے گا۔پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں افراط زر دسمبر 2024 میں سالانہ بنیادوں پر 4.1 فیصد پر پہنچ گئی ہے، جو کہ نومبر 2024 کے مقابلے میں کم ہے جب یہ شرح 4.9 فیصد تھی۔مرکزی بینک نے اپنے آخری اجلاس میں کلیدی پالیسی کی شرح کو 200 پوائنٹس تک کم کر کے اسے 13 فیصد تک کردیا تھا۔اس کے بعد، کمیٹی نے اندازہ لگایا کہ جون 2024 سے پالیسی کی شرح میں مجموعی کمی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور آئندہ چند سہ ماہیوں میں ظاہر ہوتے رہیں گے۔
سٹیٹ بینک