کراچی:ہزاروں جعلی امریکی ڈالرز برآمد، 2 ملزمان گرفتار
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) شہر قائد میں ایک کارروائی کے د وران ہزاروں جعلی امریکی ڈالرز برآمد کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
روز نامہ امت کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی چھاپا مار ٹیم نے صدر کے علاقے میں کارروائی کی اور جعلی امریکی ڈالرز کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے 4 ہزار 500 جعلی ڈالرز برآمد کرلئے۔
حکام کے مطابق قادر رضا نامی ملزم جعلی امریکی ڈالرز ایک پارٹی کو سپلائی کرنے کے لئے انتظار کر رہا تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر جعلی ڈالرزکی ڈیل کرنے والے نعیم احمد نامی ملزم کو واٹرپمپ سے گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ جعلی ڈالرزسپلائی کرنے والے مرکزی ملزم کی گرفتار ی کے لئے بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔