ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نالج شیئرنگ پروگرام کے اشتراک سے ورکشاپ

ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نالج شیئرنگ پروگرام کے اشتراک سے ورکشاپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ صوبے کے مختلف شہروں میں اس ضمن میں پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت کام جاری رکھے ہوئے ہے ،اس پروگرام کے تحت سرگودھا میں گھر گھر پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا جدید نظام متعارف کرایا جائے گا، اس سلسلے میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نالج شیئرنگ پروگرام کے اشتراک سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ایگزم بینک مسٹر کیونگ سیو،ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ ڈان بگو،انجینئرنگ مسٹر ڈیوک کوکوہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔


جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ یاسر فرحات،ڈپٹی پروگرام کے تحت علی رضا راؤ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ورکشاپ کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت سرگودھا شہر کیلئے واٹرمینجمنٹ سسٹم کی تیاری اور کوریا کے اشتراک سے دیگر کام مکمل کیا جائے گا جس کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے نظام کی تنصیب اور جدید آلات کے ذریعے اُس کی مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی مالی مدد کے ذریعے صوبے کے مختلف شہروں میں ایسے نظام متعارف کرائے جائیں گے تاکہ میونسپل کارپوریشن کی سطح پر اس سسٹم کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے اس کے علاوہ سیوریج ٹریٹمنٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچرا ور دیگر سرگرمیوں میں بھی بہتری لانے کیلئے کمیونٹی کے تعاون سے کام کیا جائے گا، پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت پنجاب کے دیگر شہروں ساہیوال،سیالکوٹ،بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی اسی طرح کے پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔