جامعہ بنوریہ مہتمم،عالمی شہریت یافتہ عالم دین مفتی محمد نعیم خالق حقیقی سے جا ملے

جامعہ بنوریہ مہتمم،عالمی شہریت یافتہ عالم دین مفتی محمد نعیم خالق حقیقی سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر) جامعہ بنوریہ کے مہتمم اور مشہور عالم دین مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے۔انہیں عارضہ قلب لاحق تھا،گزشتہ روز ان کی طبیعت خراب ہوئی،اہلخانہ انہیں فوری طور پر ہسپتال لے گئے لیکن وہ راستے ہی میں ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ان کی نماز جنازہ آج جامعہ بنوریہ میں ادا کی جائے گی۔ مفتی محمد نعیم کا شمار ملک کے ممتاز مذہبی سکالرز میں ہوتا تھا۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے بعض اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی دئے۔ حال ہی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلاسما کی فروخت کو غیر قانونی، غیر شرعی قرار دیا تھا۔ مفتی نعیم کے بیٹے مفتی نعمان کا کہنا تھا کہ عالم دین مفتی محمد نعیم چل بسے وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ مفتی نعیم کی میت جامعہ بنوریہ منتقل کر دی گئی ہے۔ ان کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق مفتی نعیم کا چند روز قبل کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ مفتی نعیم 1955 میں پیدا ہوئے،ان کی عمر 65 برس تھی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مفتی نعیم کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں بلند درجہ عطا فرمائے۔ اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے بھی ممتاز عالم دین مفتی نعیمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی مفتی نعیم کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ایک ممتاز عالم دین کو کھو دیا ہے۔ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن نے بھی مفتی نعیم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین سے محروم ہوگیا۔ مفتی محمد نعیم کی پوری زندگی دینی علوم کی اشاعت اور ترویج میں گزری۔امیر جماعت اسلامی اورسینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ مفتی محمد نعیم صاحب کی رحلت کا سن کر دلی افسوس ہوا۔ لواحقین اور جامعہ بنوریہ کے اساتذہ و طلبہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی نعیم کی پوری زندگی اسلام کی درس و تدریس میں گزاری۔ انہوں نے جامعہ بنوریہ کو عالمی معیار کی درسگاہ بنایا۔ ان کے غیر ملکی طالب علموں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔ان کی کمی ایک طویل عرصہ تک پوری نہیں کی جاسکے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے بھی جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور انکی مغفرت کے لئے دعا کی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مفتی نعیم باکمال شخصیت کے مالک تھے، مفتی نعیم نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا۔
مفتی انتقال

مزید :

صفحہ اول -