زمبابوے ٹیم کی آمدسے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگئی

زمبابوے ٹیم کی آمدسے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )قذافی سٹیڈیم لاہور کے ہیڈ کیوریٹر حاجی بشیر احمد نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ کی ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی نہ صرف شائقین کرکٹ کو خوشی ہوئی ہے بلکہ قذافی سٹیڈیم کی گراؤنڈ میں بھی چار چاند لگ گئے ہیں اور وہ پہلے سے بہت خوبصورت نظر آرہی ہے ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حاجی بشیر احمد نے کہاکہ پاکستان اور زمبابوے کی سیریز کے لئے گراؤنڈ کو بہتر سے بہتر بنانے اور وکٹوں کی تیاری کے لئے قذافی سٹیڈیم کے تمام عملہ نے پی سی بی کے حکام کی نگرانی میں بہت محنت کی ہے ۔قذافی سٹیڈیم کی گراؤنڈ میں 16وکٹیں ہیں جن میں سے پاکستان زمبابوے سیریز کے لئے گراؤنڈ کے درمیان پانچ وکٹوں کو تیار کیا گیا ہے ۔تین وکٹیں ون ڈے کے لئے اور دو ٹی ٹونٹی کے لئے تیار کی گئیں ہیں جبکہ 6وکٹیں پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کی ٹریننگ کے لئے مختص کی گئی ہیں ۔ان کی تیاری میں ونڈالہ سندھواں ناروال روڈ کی مٹی استعمال کی گئی ہے ۔پاکستان اور زمبابوے کے مابین 22مئی کو ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے لئے تیار کی گئی وکٹ کو حتمی شکل آج جمعرات کے روز دیدی جائے گی ۔وکٹیں ٹی ٹونٹی میچ کے لئے انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنائی گئی ہے اور ان وکٹوں پر دونوں ٹیموں کے مابین دلچسپ میچ دیکھنے کے لئے ملے گا ۔حاجی بشیر نے کہاکہ لبرٹی پر سری لنکن ٹیم پر حملہ ہونے کی وجہ سے چھ سال سے ملک انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ہے تاہم زمبابوے ٹیم کی آمد سے قذافی سٹیڈیم لاہور کی رونقیں بحال ہوجائیں گی اور شائقین کرکٹ کو بھی ہوم گراؤنڈ پر اپنے ہیروز کو دیکھنے کا موقع ملے گا ۔
انہوں نے کہاکہ ہماری اللہ سے دعا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم دورہ کے بعد دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں ۔