جانی بیئر سٹومحمد عامر کو اعتماد کے ساتھ کھیلنے کے دعویدار

جانی بیئر سٹومحمد عامر کو اعتماد کے ساتھ کھیلنے کے دعویدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(یوا ین پی)انگلش بیٹسمین جانی بیئر سٹو کا کہنا ہے کہ بائیں ہاتھ کے پیسر قابل احترام ہیں مگر انہیں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کا سامنا کرنے میں قطعی کوئی دقت پیش نہیں آئے گی،ان کیخلاف کھیلے ہوئے کچھ زیادہ عرصہ نہیں ہوا لہٰذا اس مرتبہ بھی اپنی نیندیں خراب کرنے کے بجائے انہیں اعتماد سے کھیلیں گے۔ محمد عامر نے آٹھ سال قبل انگلینڈ کیخلاف سیریز میں اپنی بہترین سوئنگ باؤلنگ سے انگلش ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا تھا اور آئرلینڈ کیخلاف حال ہی میں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر چکے ہیں۔پانچ سالہ پابندی کے بعد دو ہزار سولہ میں انہوں نے انگلینڈ کیخلاف چار ٹیسٹ میچوں میں بارہ وکٹیں حاصل کیں جس میں جانی بیئرسٹو کو وہ صرف ایک بار ہی آؤٹ کر سکے تھے۔انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین کے مطابق وہ محمد عامر کا احترام کرتے ہیں لیکن کا سامنا کرنے کے بارے میں سوچتے ہوئے وہ اپنی نیندیں خراب نہیں کرنا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کیخلاف وہ دو سال پہلے ہی کھیل چکے ہیں اور پاکستانی ٹیم میں موجود بیشتر پلیئرز سے واقف ہیں ، ان کا سامنا کرتے ہوئے کسی خاص مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ آسٹریلیا کیخلاف مچل سٹارک اور مچل جانسن جیسے دو بہترین باؤلرز کا بھی سامنا کیا ہے اور لازمی نہیں کہ بائیں ہاتھ کے پیسرز ہی مشکلات پیدا کریں کیونکہ اس طرح کے حالات کسی دائیں ہاتھ کے پیسر کیخلاف بھی درپیش ہو سکتے ہیں۔