بھٹو کے زندہ ہونے میں گلگت بلتستان کا خون شامل ہے اور ۔ ۔ ۔ بلاول بھٹو زرداری بھی میدان میں آگئے
ہنزہ(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو جائز حصہ نہیں ملا۔
گلگت بلتستان کے دورے کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہنزہ اور نگر میں عوامی اجتماعات سے خطاب میں کہا ہے کہ جس محبت اور جوش سے میرا استقبال کیا گیا بھلا نہیں سکوں گا، یہاں بار بار آتا رہوں گا اور پیپلز پارٹی سی پیک میں گلگت بلتستان کا پورا حصہ دلوانے کی جدوجہد کرے گی۔
ایکسپریس نیو زکے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا صرف پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو حقوق دیئے ہیں ہم نے آگے جا کر مزید جدوجہد کرنی ہے اور معاشی مشکلات سمیت یہاں کے مسائل کو قومی سطح پر لے کر چلنا ہے، سی پیک کا جو حصہ گلگت بلتستان کو ملنا تھا نہیں ملا جس کے لیئے پیپلز پارٹی جدوجہد کرے گی۔ بلاول نے نگر میں بھی عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور کہا آج بھٹو زندہ ہے تو اس میں گلگت بلتستان کا خون شامل ہے، کسی کو حقوق ایسے نہیں ملتے جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پہلے آپ نے بھٹو شہید، محترمہ شہید اور صدر زرداری کے ساتھ جدوجہد کر کے حقوق لیئے اب ہمیں حق حاکمیت، حق ملکیت کے لیئے بھی مل کر جدوجہد کرنی ہے۔ بلاول نے ہنزہ اور نگر کی ثقافت کی تعریف کی اور کہا اپنی ثقافت کا تحفظ تعلیم اور ملک کے لیئے انتہائی اہم ہے۔