لانگ مارچ کا مقصد حقیقی معنوں میں آزاد، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے: محمود خان 

لانگ مارچ کا مقصد حقیقی معنوں میں آزاد، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے: محمود ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملکی خودداری کا سودا کرنے والے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے 26 نومبر کو خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے حقیقی آزادی مارچ کے قافلے راولپنڈی پہنچیں گے اور یہ پیغام دیں گے کہ وہ ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرانے کی جدو جہد میں عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد حقیقی معنوں میں آزاد، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے۔ حقیقی آزادی مارچ آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل اور خودمختار پاکستان کی تحریک ہے جس میں ہم سب نے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان، اسلام اور شریعت کے نام پر بنا تھا اور ہم یہ مقصد عمران خان کی قیادت میں حاصل کرکے رہیں گے۔ اتوار کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ آزادی مارچ کرپٹ سسٹم اورمفاد پرست سیاسی مافیا کے خلاف حتمی اقدام ثابت ہو گا۔ رجیم چینج سازش کے تحت وجود میں آنے والی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں جبکہ امپورٹڈ کابینہ ملک سے بھاگنے کے راستے تلاش کر رہی ہے لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔حالات مکمل طور پر امپورٹڈ حکمرانوں کی دسترس سے باہر ہو چکے ہیں، معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، مہنگائی عروج کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، کل تک مہنگائی کے خلاف مارچ کرنے والے آج کی مہنگائی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا کوئی روڈ میپ نہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب قوم کے لیے فیصلے کی گھڑی ہے، عوام کو اپنے اور اپنی نسلوں کے مستقبل کے لیے بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا اور نااہل امپورٹڈ حکمرانوں کو ایکسپورٹ کرنا ہو گا۔ یہی واحد صورت ہے جو ملک و قوم کو مزید تباہی سے بچا سکتی ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو قومی وقار و سلامتی اور عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی اکیلی ایک طرف ہے اور کم و بیش دیگر تمام جماعتیں ایک طرف ہیں۔ دونوں کا ایجنڈا صاف اور واضح ہے اور عوام بھی تمام تر صورتحال سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کا ایکسپورٹ ہونا ٹھہر چکا ہے اور وہ خود بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کے میدان میں اترنے سے خوفزدہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ امپورٹڈ سیاسی ٹولہ تمام تر کوششوں اور سازشوں کے باوجود پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت کو کم نہیں کر سکا اور اسے ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید :

صفحہ اول -