کراچی ملک کا معاشی حب ،وفاقی حکومت کو مسائل کا ادراک ہے،وزیراعظم عمران خان

کراچی ملک کا معاشی حب ،وفاقی حکومت کو مسائل کا ادراک ہے،وزیراعظم عمران خان
کراچی ملک کا معاشی حب ،وفاقی حکومت کو مسائل کا ادراک ہے،وزیراعظم عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے،وفاقی حکومت کو کراچی کے مسائل کا ادراک ہے،پانی ، ٹرانسپورٹ، ویسٹ مینجمنٹ اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کا علم ہے،وزیراعظم کا کہناتھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاﺅس کراچی میں ایم کیو ایم کے وفدنے ملاقات کی،ایم کیوایم وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی نے کی، ذرائع کے مطابق اتحادی جماعت میں تحریری معاہدے پر عمل درآمدپیش رفت کا جائزہ لیا گیا،ایم کیو ایم نے فواد چودھری کے بیان سے متعلق تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھ دئیے،ایم کیو ایم نے پھر پارٹی دفاتر کی واپسی اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کا مطالبہ دہرا دیا،مئیر کراچی نے وزیراعظم سے بلدیاتی اختیارات اور آرٹیکل 140 اے کے اطلاق کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی ارکا ن اسمبلی نے ملاقات بھی کی،ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور اعظم خان سواتی شریک ہوئے،ملاقات میں خسرو بختیار، علی زیدی، فیصل واوڈا،ندیم بابر اور اسد عمر بھی شریک تھے،ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کو ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان سے جے ڈی اے کے وفد نے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے،بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کے عوام اورکراچی کے مسائل کونظرانداز کیا گیا،کراچی کے مسائل کوحل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے،وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح کیلئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے، بلدیاتی نظام کراچی کے مسائل کا حل نکالنے میں معاون ثابت ہوگا۔