عمران خان جلسوں کے ذریعے   این آراومانگ رہے ہیں، پل کے نیچے کنٹینر پھنسا کر ملبہ ہم پر ڈالنے کی کوشش کی گئی: عظمیٰ بخاری 

عمران خان جلسوں کے ذریعے   این آراومانگ رہے ہیں، پل کے نیچے کنٹینر پھنسا کر ...
عمران خان جلسوں کے ذریعے   این آراومانگ رہے ہیں، پل کے نیچے کنٹینر پھنسا کر ملبہ ہم پر ڈالنے کی کوشش کی گئی: عظمیٰ بخاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)  وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان جلسوں کے ذریعے  190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کیسوں میں این آر او مانگ رہے ہیں جو انہیں ملنا ناممکن ہے۔ پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے میں کوئی رکاوٹ  نہیں ڈالی، انہوں نے خود کنٹینر پلوں کے نیچے پھنسا کر ہم پر ملبہ ڈالنے کی کوشش کی۔ جلسے کے دوران خیبرپختونخوا کے ملازمین اور وسائل استعمال کیے گئے، پنجاب  کے سرکاری ملازمین فارغ ہوتے توہم انہیں بھی جلسے میں بھیج دیتے۔پی ٹی آئی والے پر امن ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں، کئی مقامات پر انہوں نے آگ  لگائی، ہنگامہ آرائی کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری  نے کہا ہے  بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان سر سے پاؤں تک کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے۔ انہیں 9 مئی سمیت ہر جرم کا حساب دینا پڑے گا۔  حساب دینے کی باری آتی ہے تو یہ لوگ کبھی ہائی کورٹ چلے جاتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ۔  سیاسی لوگ سیاسی سرگرمیاں پسند کرتے ہیں مگر بدقسمتی ہے جب سے اڈیالہ جیل کے قیدی اور بدبخت ٹولے کی ملکی سیاست میں انٹری ہوئی ہے ملک سے سیاسی روایات، اخلاقیات اور تنقید برائے اصلاح کا جنازہ نکل گیا ہے۔  ہم نے اپنی روایات قائم رکھتے ہوئے ان کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ کھڑی نہیں کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے خصوصی ہدایات کیں کہ کوئی بھی سڑک کنٹینرلگا کر بند نہ کی جائے۔ دوسری طرف سب نے دیکھا کہ خیبرپختونخوا سے ایک وزیر اعلیٰ نے پنجاب پر حملہ آور ہونے کے لئے ڈنڈا بردار فورس کو تیار کیا جس کے پاس اسلحہ بھی تھا۔پچھلے 6 ماہ سے گنڈا پور صاحب صرف جلسے کر رہے ہیں۔ ان کے اپنے حلقے کی صورت حال یہ ہے کہ وہ وہاں طالبان کو بھتہ دیئے بغیر نہیں جا سکتے۔ یہ لوگ جو پیسہ اور وسائل جلسے اور جلوسوں پر ضائع کر رہے ہیں وہ انہیں کے پی کے کی عوام پر خرچ کرنا چاہیے۔ عوامی فلاح سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں۔ اس سیاسی پارٹی کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ملک کے حالات خراب کیے جائیں۔