ڈیلیوری دینے آئے لڑکےکے ساتھ خاتون گاہک کی ایسی حرکت کہ نوجوان نے خودکشی کر لی
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں ایک نوجوان فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے مبینہ طور پر خاتون گاہک کے ڈانٹنے کے بعد خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انیس سالہ پویتھرن بی کام کا طالب علم تھا جو اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا، اس نے خودکشی سے قبل لکھے گئے نوٹ میں اپنے اس انتہائی قدم کے لیے کاتون گاہک کے سخت سلوک کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
یہ واقعہ 11 ستمبر کو اس وقت پیش آیا جب پویتھرن کو گاہک کے گھر کا پتہ لگانے میں مشکلات کے باعث کھانا پہنچانے میں تاخیر ہوگئی۔
اس تاخیر کی وجہ سے پویتھرن کی خاتون گاہک سے بحث ہوئی، خاتون نے اسے کھری کھوٹی سنائی اور بعد میں اس کی سروس کے بارے میں باقاعدہ شکایت درج کرادی۔دو دن بعد، اس کشیدگی میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب پویتھرن نے مبینہ طور پر خاتون کی گھر پر پتھر پھینک کر اس کی کھڑکی توڑ دی۔ اس واقعہ کے نتیجے میں خاتون نے پویتھرن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرا دی۔
اس کے بعد بدھ کو پویتھرن اپنے گھر کی چھت سے لٹکا ہوا پایا گیا۔ پولیس کو اس کی رہائش گاہ سے ایک نوٹ بھی برآمد ہوا جو مبینہ طور پر پویتھرن نے لکھا تھا۔
نوٹ میں پویتھرن نے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا، ’میری موت کی وجہ - ڈلیوری کے دوران اس شخص کی طرف سے ڈانٹے جانے کے بعد میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا۔ جب تک ایسی عورتیں موجود رہیں گی مزید اموات ہوں گی۔‘
پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔