ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں قابل مذمت ہیں،میاں مقصود

ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں قابل مذمت ہیں،میاں مقصود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں مسلسل دہشتگردی کی کاروائیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے تانے بانے بھارت سے ملتے دکھائی دے رہے ہیں۔حکومت بھارت سے دوستی کے معاملے میں ملک وقوم کے مستقبل سے مت کھیلے۔بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس سے خیرکی کوئی توقع نہیں۔بھارتی حکومت متعددبار پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر تشویش کااظہارکرنے کے ساتھ ساتھ اسے ہر ممکن طور پر روکنے کااشارہ دے چکی ہے۔ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکمرانوں کو جلداور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 332دہشتگردوں کوپھانسی دی گئی،2159دہشتگردوں کوہلاک اور1724گرفتارکیاگیا جبکہ خصوصی عدالتوں کودہشتگردی کے 148مقدمات منتقل کئے گئے۔منی لانڈرنگ کے مقدمات میں37افراد گرفتار ہوئے ۔ راولپنڈی کے214مقدمات میں 322گرفتاریاں کرکے35کروڑروپے وصول کئے گئے ۔ بائیومیٹرک تصدیق کے تحت9کروڑ80لاکھ موبائل سمزبلاک کی گئیں۔ملک کی دینی وسیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے حکومت ملک میں امن وامان قائم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔