شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی تھی؟ وہ بات جو شاید آپ کو معلوم نہیں
سیالکوٹ، حیدرآباد (ویب ڈیسک) شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید(ثنا شعیب ملک) سے نئی شادی کرلی جس کے بعد بھارتی ٹینس سٹار کی فیملی نے ان کی شعیب ملک سے علیحدگی کی تصدیق کردی لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ شعیب اور ثانیہ کی پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی تھی، اگر نہیں تو یہ تفصیلات آپ کیلئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ اور ٹینس کی دنیا کے دوستاروں کے دل آسٹریلیا میں ملے، رشتہ دبئی میں طے ہوا، نکاح بھارت میں ہوا جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوا۔ جوڑے نے رہائش دبئی میں رکھی، پاک بھارت میڈیا نے شادی کی بھرپور کوریج کی تھی، شعیب ملک دلہن بیاہ کر پاکستان آئے تو سٹار جوڑی کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا۔
کچھ عرصہ قبل اکٹھے دیئے گئے انٹرویو میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے تعارف سے لے کر شادی تک کے سفر کی داستان سنائی ۔ ثانیہ مرزا نے بتایا تھا کہ پہلی ملاقات تو بہت پہلے ہوئی تھی، یہ لوگ میرے خیال سے کھیل رہے تھے بھارت میں شاید 2005 یا پھر 2004 کی بات ہے، میں اس وقت دلی میں فیڈریشن کپ کھیل رہی تھی، میں اور پاکستان ٹیم ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں نیچے جم میں سے نکل رہی تھی تو کسی صحافی نے ایک رسمی سی ملاقات کروائی تھی، اس کے بعد ہم تین چار سال نہیں ملے۔
شعیب ملک نے کہا کہ ’ثانیہ کو بیوی بنانے کے لیے کوئی ایسا شارٹ نہیں کھیلا، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں ، یہ بڑوں سے سنا ہے اور جب خود کی شادی ہوئی تو پتہ بھی چل گیا۔
شعیب ملک کا مزید کہنا تھا کہ اس کے سات سال بعد سال 2010میں ہماری دوسری ملاقات بھی آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں ہوئی اور صرف چار ماہ بعد ہمارا نکاح ہوگیا۔
میزبان کی جانب سے شعیب ملک سے سوال کیا گیا کہ شادی کے بعد آپ کی ثانیہ کے ساتھ کھیلنے کی کچھ تصاویر بھی سامنے آئی تھیں، جس کے جواب میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹریننگ ہم دونوں ساتھ ہی کرتے ہیں کیونکہ یہ فٹنس کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔ثانیہ مرزا کا شعیب ملک کی فٹنس سے متعلق کہنا تھا کہ یہ جتنے فٹ نظر آتے ہیں اتنے ہیں نہیں۔