گورنر پنجاب نے رینل کیئر فاؤنڈیشن کا افتتاح کر دیا

گورنر پنجاب نے رینل کیئر فاؤنڈیشن کا افتتاح کر دیا
گورنر پنجاب نے رینل کیئر فاؤنڈیشن کا افتتاح کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک)  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے رینل کیئر فاؤنڈیشن، ایک جدید ہسپتال جو گردوں سے متعلق بیماریوں کے مفت علاج کے لیے وقف ہے، کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، یہ فاؤنڈیشن ان افراد کے لیے امید کی کرن ہے جو گردوں کے امراض کا شکار ہیں، خاص طور پر وہ لوگ جو مہنگے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین رینل کیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹرقیصر رفیق, سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جویہ اور جمہوریہ مالٹا کے اعزازی قونصل جنرل سید حسن محمود زیدی نے بھی شرکت کی۔ مزید برآں، ڈاکٹر سعید الٰہی اور پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے پرنسپل ڈاکٹر عاطف رضا کاظمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں تحائف پیش کیے۔کنسلٹنٹ ڈاکٹر رانا عمر نے گورنر پنجاب کو گردوں کے امراض پر تفصیلی بریفنگ دی، ۔ 
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین رینل کیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹرقیصر رفیق نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد لوگ گردوں کے مختلف امراض کا شکار ہیں،  رینل کیئر فاؤنڈیشن جدید سہولیات سے لیس ہسپتال ہے اور ماہر طبی عملہ ہمہ وقت معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ علاج کے ساتھ ساتھ، فاؤنڈیشن کمیونٹی آؤٹ ریچ اور تعلیمی پروگراموں کے ذریعے گردوں کی صحت اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا عزم رکھتی ہےجس میں پاکستان میں گردے سے متعلق مسائل کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ اور قابل رسائی علاج کے اختیارات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے رینل کیئر فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی اجاگر کیا، جو ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی جدید سہولتوں اور مریضوں کے لیے خصوصی دیکھ بھال فراہم کر رہی ہے۔ 
گورنر پنجاب نے رینل کیئر فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عوامی سطح کا بندہ ہوں مجھے یہاں آکر بڑی خوشی ہوئی،  گردوں کی بیماری کی حوالے سے پاکستان دنیا کے پہلے 4 ممالک میں شامل ہے، ڈائیلسز کے حوالے سے ہمارے لوگ بہت مشکل میں ہیں،  اس ملک کا المیہ ہے کوئی اچھا کام بھی کرنا چاہیں تو بہت رکاوٹیں آتی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ جب میں گورنر بنا تب راولپنڈی کے علاقے کے ایک بندے نے مجھےفون کیا اور کہا کہ ہفتے میں دو دفعہ میرا ڈائیلسز ہوتا ہے، غریب آدمی ہوں پندرہ سے 20 ہزار ہفتہ کا خرچ ہوتا ہے، اللہ نے آپکو گورنر بنایا ہےتو ڈائیلسز سینٹر بنوا دیں۔ میں نے یہاں آکر گزارش کی تو اب راولپنٍڈی میں ڈائلسز  سینٹر کا افتتاح کریں گے،  لوگ ڈائیلسز نہ ہونے کی وجہ سے وفات پا جاتے ہیں، اٹک پر اسلام آباد کی عمارتوں کاسایہ پڑتا ہے لیکن وہاں پر صورتحال مناسب نہیں، میری تحصیل کے لیے بھی ڈائیلسزسینٹر کا اعلان کرنے پر شکرگزار ہوں۔


انہوں نے فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے گردے کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ رینل کیئر فاؤنڈیشن ہمدردی اور صحت عامہ کے لیے عزم کی ایک شاندار مثال ہے۔ یہ مفت علاج فراہم کر کے بے شمار افراد اور خاندانوں کی تکالیف کم کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین رینل کیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹرقیصر رفیق نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو یادگاری شیلڈ بھی دی۔