انتھک محنت اور درست فیصلوں کی بدولت پنجاب کا قرض کم ہوکر 1685 ارب رہ گیا : عظمیٰ بخاری اور بلال اکبر خان کی مشترکہ پریس کانفرنس

انتھک محنت اور درست فیصلوں کی بدولت پنجاب کا قرض کم ہوکر 1685 ارب رہ گیا : عظمیٰ ...
 انتھک محنت اور درست فیصلوں کی بدولت پنجاب کا قرض کم ہوکر 1685 ارب رہ گیا : عظمیٰ بخاری اور بلال اکبر خان کی مشترکہ پریس کانفرنس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  کی قیادت میں پنجاب میں کئی ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں یہ کہنا تھا  وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری کا جس کا اظہار انہوں نے وزیر ٹرانسپورٹ  بلال اکبر خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔  وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اب تک کوئی چھٹی نہیں کی عید پر بھی وہ مسلسل کام کرتی رہیں۔ عید کے دنوں میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں ریکارڈ کمی کی گئی اور پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ زائد لی گئی کرائے کی رقم مسافروں کو واپس کروائی گئی۔ پورے صوبے میں صفائی کا ریکارڈ قائم ہوا اور کہیں کوئی آلائش یا گند باقی نہیں رہنے دیا گیا۔ عید پر صفائی مہم کے دوران 55 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز پورے صوبے میں مسلسل متحرک رہے۔ یہی وجہ ہے کہ سینٹری ورکرز کی خدمات کے اعتراف میں وزیر اعلیٰ نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
    عظمیٰ زاہد بخاری کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ اسپتالوں کے تحت محض1 ماہ میں10 لاکھ سے زائد مریضوں کو ادویات اور علاج فراہم کیا گیا ہے تقریباً 100 روز کی حکومت میں پنجاب کے قرض میں بھی 23 ارب روپوں کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف  90 دن میں کارناموں کا شوشا چھوڑنے والی گزشتہ حکومت نے 498 ارب کے قرض کو 1705 ارب تک پہنچا دیا تھا۔  وزیر اعلیٰ  مریم نواز  کی انتھک محنت اور درست فیصلوں کی بدولت پنجاب کا قرض کم ہوکر 1685 ارب رہ گیا ہے جبکہ  پہلی بار گندم کی مد میں بھی قرض صفر ہونے جا رہا ہے۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ عید کے دنوں میں سوات میں پیش آنیوالا واقعہ بہت دلخراش تھا۔ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے   صوبائی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا۔
    پریس کانفرنس  میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوورچارجنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا گیا اور  مسافروں کو اضافی وصول کئے گئے 14لاکھ 67 ہزار روپے  واپس کرائے گئے۔ اس کے علاوہ  1448 گاڑیوں کے چالان  جبکہ 9 افراد کے خلاف مقدمات  درج کئے گئے۔ جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر مافیا کے خلاف وہ خود بھی اپنی ٹیم کیساتھ عید پر فیلڈ میں موجود رہے۔

بلال اکبر خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے حکومت سنبھالتے ہی سٹوڈنٹس کیلئے موٹر بائیکس سکیم منظور کی جس کے تحت پہلے فیز میں 20 ہزار بائیکس فراہم کی جانی تھیں لیکن درخواستیں زیادہ موصول ہونے پر وزیر اعلیٰ  نے خواتین کیلئے مزید 8 ہزار سے زائد الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ ہر طالبہ کو بائیک مل سکے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ویژن ہے کہ  خواتین کو یکساں عزت اور اہمیت دلوائی جائے  کیوں کہ خواتین میں خودمختاری اور خود اعتمادی ہی کی بدولت یہ معاشرہ اور ملک ترقی کر سکتا ہے۔ ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 657 ایکو فرینڈلی بسیں چلانے کا منصوبہ عملی طور پر شروع کر رہے ہیں اور اسی سلسلہ میں دسمبر تک 27 الیکٹرک بسیں بھی لاہور میں چلائی جائیں گی جسے ہمارا ایک منفرد پائلٹ پروجیکٹ کہا جا سکتا ہے۔ ماس ٹرانزٹ کے جو منصوبے (ن )لیگ کی حکومت نے دیئے ہیں وہ کسی اور حکومت نے دیئے نہ ان کے بس کی بات ہے۔  
جو تنقید کرتے ہیں وہ مریم نواز  کی حکومت کا جب چاہیں موازنہ کر لیں کیونکہ ہم نے 100 روز میں وہ ڈیلیور کیا جو 100 ماہ میں کوئی نہیں کرسکا۔ انشاء اللہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ان کی ٹیم عوامی فلاح کیلئے شبانہ روز اسی طرح محنت سے کام کرتی رہیگی۔