خاتون نے ایئرپورٹ کے باتھ روم میں کتا ڈبو کر مار دیا، دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آگئیں

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ سے تعلق رکھنے والی 57 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر اپنے کتے کو ایئرپورٹ کے باتھ روم میں پانی میں ڈبو کر مارنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ سال دسمبر میں اورلینڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب خاتون کو کہا گیا کہ وہ اپنے پالتو جانور کو پرواز میں ساتھ نہیں لے جا سکتیں۔
نیوز 18 کے مطابق خواتین کے باتھ روم میں سیکیورٹی چیک سے پہلے ایک مردہ جانور پایا گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد حکام نے 18 مارچ کو ایلیسن اگاتھا لارنس کو گرفتار کر لیا جن پر تیسرے درجے کی سنگین حیوانی بربریت (اینیمل کریولٹی) کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ خاتون اپنی پرواز پکڑنے کی کوشش کر رہی تھیں، لیکن ان کے پاس کتے کو ساتھ لے جانے کے لیے ضروری دستاویزات نہیں تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی چیک سے پہلے ایئرپورٹ کے واش روم میں اپنے کتے کو پانی میں ڈبو کر مار دیا اور اس کی لاش کو کوڑے میں پھینک دیا۔ بعد میں صفائی کے عملے نے یہ افسوسناک منظر دریافت کیا۔
واقعے کے دن جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر حکام نے ایلیسن اگاتھا لارنس کے وارنٹ جاری کیے جس کے نتیجے میں تقریباً تین ماہ بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت کے ریکارڈ کے مطابق گرفتاری کے بعد انہیں پانچ ہزار ڈالر کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کر دیا گیا۔