حکومت پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونیوالی آمدنی کہاں استعمال کر رہی ہے۔۔؟وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتا دیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونیوالی آمدنی کہاں استعمال کر رہی ہے۔۔؟وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایندھن کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کرنے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کو پیٹرول کی قیمت 330 روپے فی لیٹر سے زیادہ ورثے میں ملی۔ حکومت کی مسلسل کاوشوں سےقیمتوں کو 250 روپے فی لیٹر تک لایا گیا ہے، جس سے عوام کو بہت بڑا ریلیف ملا ہے۔
"اے پی پی " کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بجلی کی قیمتوں کو مناسب سطح پر برقرار رکھنے کے لیے استعمال کر رہی ہےجس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت رئیل سٹیٹ میں کالے دھن کے استعمال کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے حالیہ ٹیکس اصلاحات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد شفافیت کو بہتر بنانا اور تنخواہ دار طبقہ پرٹیکس کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔