اے این پی نے دہشتگردی کیخلاف بھر پور جنگ لڑی ہے،اسفندیار ولی

اے این پی نے دہشتگردی کیخلاف بھر پور جنگ لڑی ہے،اسفندیار ولی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (آئی این پی ) اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر موجود لوگوں سے سیکیورٹی واپس لینا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے، اے این پی نے دہشت گردی کے خلاف بھر پور جنگ لڑی ہے اور آج بھی وہ دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے خیبر پختونخو ا میں تبدیلی کے دعووں کی قلعی کھول کر کپتان کی اصلیت پوری قوم کود کھا دی۔ ۔ پی ٹی آئی کے نکالے گئے ممبران کا قرآن پاک پرحلف اٹھا کر اپنی بے گناہی کا اظہار کپتان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سینٹ چےئرمین کے انتخابات میں سراج الحق کا بیان ان کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ وہ قاضی خیل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر اے این پی کے ضلعی صدر بیرسٹر ارشد عبداللہ اوردیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان کے سیاست میںآنے سے شائستگی ختم ہو چکی ہے، کپتان نے گالی گلوچ کی سیاست کو رواج دیکر سیاست سے سنجیدگی ختم کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی پر تنقید کر تے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ دونوں رہنما فاٹا انضمام میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ایک ٹیلی فون کال پر فاٹا انضمام کا بل رکوا سکتے ہیں مگر نفاذ اسلام کیلئے عملی کام نہیں کرتے۔ ایم ایم اے کی بحالی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ جماعت اسلامی اور جے یوآئی کی نظریں اسلام آباد پر لگی ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی صوبائی حکومت کی اتحادی ہو کر وفاقی حکومت اور جے یوآئی وفاقی حکومت کا حصہ ہو کر صوبائی حکومت پر تنقید کر رہی ہے مگر دونوں میں سے کوئی حکومت چھوڑنے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پر اپنے ارکان اور وزراء کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں مگر عمران خان کو کچھ نظر نہیں آرہا۔


فاٹا میں بے چینی ہے، عام انتخابات سے پہلے فاٹا انضمام اور صوبائی اسمبلی میں فاٹا کی نمائندگی کے بغیر فاٹا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا اٹھارویں ترمیم کو اگر کسی نے چھیڑا تو حکمرانوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑ ے گی ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں اے این پی کے مینڈیٹ کو چوری کیا مگر اس بار بلے سمیت تمام سیاسی مخالفین کو عبرتناک شکست سے دوچار کرینگے۔عمران خان بتائیں کہ سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والوں کو سزا دی مگر ووٹ خریدنے والے چوہدری سرور کے خلاف کب کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک میں پختون بیلٹ کو مکمل طور پر نظر انداز کیاگیا ہے ، آج کا یہ سی پیک پاک چائنہ کوریڈور نہیں بلکہ پنجاب چائنہ کوریڈور ہے۔

مزید :

علاقائی -