چابی کی نقل بنوا کر ملزم نے اپنے ہی دوست کی گاڑی چوری کرلی لیکن پھر پکڑا کیسے گیا؟
کراچی (ویب ڈیسک) اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چابی کی کاپی کی مدد سے اپنے ہی دوست کی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے مطابق پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم عباس کو گرفتار کر کے 5 لاکھ روپے تاوان کے لئے چوری کی گئی کار بر آمد کر لی۔پولیس کے مطابق 29 اکتوبر 2024 کو مدعی مقدمہ نے اپنی کار نمبر AMJ-665 چوری ہونے کی ایف آئی آر تھانہ سچل میں درج کرائی تھی جس کی تفتیش اے وی ایل سی گڈاپ ڈویژن کے سپرد کی گئی۔
اے وی ایل سی گڈاپ نے تفتیش کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خفیہ معلومات اور تکنیکی ذرائع سے ملزم عباس کو گرفتار کر کے مزکورہ گاڑی بر آمد کرلی۔ملزم نے سرقہ شدہ کار جیکب آباد بھیج کر اپنے ذرائع سے واپس دلانے کے لئے اپنے ہی دوست سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے وصول کئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔