حکومت میں صلاحیت نہیں ورنہ ہزار دنوں میں کچھ تو بہتر کر دیتے: سراج الحق

  حکومت میں صلاحیت نہیں ورنہ ہزار دنوں میں کچھ تو بہتر کر دیتے: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے تبدیلی حکومت نے ہزار دنوں میں قرضوں اور بیماریوں کا اضافہ کیا، جس سے نجات کیلئے موجودہ نظام کا خاتمہ ضروری ہے،آئی جی اور چیف سیکرٹری کی نہیں حکومت کی تبدیلی ہی اصل تبدیلی ہوگی۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں تربیتی اجتماع کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے کہا انگریز کے جانے سے آج تک ایک ہی طرح کے لوگ عوام پر مسلط ہیں، ملک کے شہزادے اورشہزادیاں آپس میں مصنوعی مقابلے کررہے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے غلام مغرب کے جاسوس عوام پر مسلط ہیں جنہیں ایوانوں کے بجائے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈال کرجیلوں میں ڈالنے کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ کہتے ہیں ضمنی الیکشن ڈسکہ میں دھند سے لوگ غائب ہوگئے،ملک میں 71 سالوں سے کوئی منصفانہ الیکشن نہیں ہوا، پی ٹی آئی ن لیگ پیپلزپارٹی دھند کی وجہ سے کامیاب ہوتی رہیں، 37سال جرنیلوں نے ایوب اور مشرف کی شکل میں حکومت کی باقی عرصہ بھی ان کی مرضی سے نظام چلتارہا اور سیاسی پارٹیاں بنائی گئیں، تمام سیاسی قیادت کو الیکشن اصلاحات کے لیے بیٹھنا ہوگا ورنہ جنرل الیکشن میں بہت مسائل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اور خون پسینے کی کمائی کرنے والا شہری آئی ایم ایف کا غلام بن چکا ہے، ڈھائی کروڑ بچے جو ملک کا مستقبل ہیں وہ مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، شہزادوں اور شہزادیوں کی وجہ سے چھوٹے بچے کام کرنے پر مجبور ہیں، ملک میں میرٹ کا خاتمہ ہوگیاہے تعلیم کے باوجود بے روزگاری ہے، جو ملک خود گندم اور اجناس پیدا کرتا ہے وہاں دس گرام روٹی کی قیمت دس روپے ہے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا حکمرانوں میں صلاحیت نہیں وگرنہ ہزار دنوں میں کچھ بہتر کر دیتے، آئی جی اور چیف سیکرٹری کی نہیں حکومت کی تبدیلی ہی اصل تبدیلی ہوگی۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -