ای بکس ویژن کے فروغ پر مشاورتی سیشن ، تعلیمی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ دے رہے ہیں: سیکرٹری آرکائیو
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب لائبریریز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صوبے میں ای بکس اور ای لائبریری کے ویژن کے فروغ کے موضوع پر مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مخلتف محکموں اور لائبریریوں کے ذمہ داران کے علاوہ اہم پبلشرز نے بھی شرکت کی۔ سیکریٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز محمد خان رانجھا کی زیر صدارت ہونے والے اس سیشن میں شرکاء نے ڈیجیٹلائزیشن کے موجودہ دور میں ای بکس کلچر کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں مختلف تجاویز کا تبادلہ کیا۔
مشاورتی سیشن میں سیکرٹری کوآپریٹوز ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ڈی جی انڈسٹریز جناب آصف علی فاروق، ڈی جی لائبریریز کاشف منظور، چیئرمین پنجاب لیکویڈیشن بورڈ ظہیر عباس، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی کاشف فاروق، چیف آئی ٹی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ وقاص رانجھا، ڈائریکٹر مجلس ترقی ادب عباس تابش، چیف ایجوکیشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ شاہد اقبال، چیف لائبریرین پنجاب یونیورسٹی ہارون عثمانی، سینئر پروگرام مینیجر پی آئی ٹی بی ڈاکٹر اقصیٰ غازی، واصف ناگی ، اور ڈائریکٹر آرکائیوز پنجاب شمیم اصغر سمیت دیگر نے ای بکس و ای لائبریری کے فروغ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ممکنہ اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
سیشن میں شرکاء کو ای لائبریریز اور ای بُکس کے ذریعے ڈیجیٹل فارمیٹ میں منتقلی کی اہمیت پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری آرکائیو محمد خان رانجھا نے کہا کہ دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل پنجاب کے ویژن کے مطابق تعلیمی نظام کو بھی ڈیجیٹل کرنے کی جانب توجہ دے رہے ہیں۔ کتب کو ڈیجیٹل شکل میں طلباء کی رسائی میں دینے کیلئے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ آن لائن سہولت سے کتب بینی کی طرف رجحان بڑھے گا۔
اس موقع پر مصنفین اور ناشرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کو سراہا اور اسے عملی شکل دینے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔