نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھالیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان سے حلف لیا ۔
نجی ٹی وی 'جیو نیوز "کے مطابق وزیر اعلٰٰی پنجاب کے حلف کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی ، مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی۔
نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کے بعد مسلم لیگ (ن )اور پی پی کے کارکنان نے اپنی اپنی جماعتوں کے حق میں نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن )کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ،پنجاب اسمبلی میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ڈی نوٹیفائی ہونے والے 20اراکین اسمبلی کی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی جس میں حمزہ شہباز نے اکثریت کی حمایت حاصل کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز تقریباً 3گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا جس کے بعد ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل شروع کرایا،ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ( ن) کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔
تاہم ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے مسلم لیگ (ق )کے سربراہ چودھری شجاعت کے خط کو پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے مسلم لیگ (ق )کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی ،ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جتنے بھی ووٹ مسلم لیگ (ق )کے کاسٹ ہوئے ہیں وہ مسترد ہوتے ہیں جس کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے۔