امریکہ جانا مزید مشکل ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن قوانین مزید سخت کردئیے

امریکہ جانا مزید مشکل ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن قوانین مزید سخت کردئیے
امریکہ جانا مزید مشکل ہوگیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن قوانین مزید سخت کردئیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے امیگریشن کی پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے ہیں جن کے تحت گرین کارڈز کے اجراءپر پابندی میں توسیع کے ساتھ ساتھ 2020ءتک غیرملکی ملازمین کے لیے ویزوں کے اجراءپر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے غیرملکی ملازمین کے لیے جن ویزوں کے اجراءپر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ایچ 1بی، جس پر ٹیک فرمز غیرملکی ملازمین کو امریکہ لاتی ہیں،ایچ 2بی، جس پر زراعت اور میزبانی کے شعبوں کے لوگ امریکہ جاتے ہیں، جے 1ایس، جس پر طالب علموں کا تبادلہ ہوتا ہے اور ایل 1ایس، جس پر ملٹی نیشنل فرمز کے منیجرز امریکہ جاتے ہیں سمیت دیگر ویزا اقسام شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہیلتھ ورکرز، جو کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں امریکی عملے کی معاونت کر رہے ہیں انہیں ان نئی پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے تاہم یہ استثنیٰ بھی مشروط ہے اور ان پر کئی طرح کی قدغنیں لگائی گئی ہیں۔ وائٹ ہاﺅس کے حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے یہ اقدام امریکیوں کو زیادہ سے زیادہ برسرروزگار کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں بیروزگاری کی شرح بہت بڑھ گئی ہے اور صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے امریکیوں کو برسرروزگار کیا جائے۔تاہم صدر ٹرمپ کے ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباءکا فائدہ اٹھاتے ہوئے امیگریشن قوانین کو سخت تر کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی اس نئی امیگریشن پالیسی سے تقریباً 5لاکھ 25ہزار سے زائد افراد جبکہ گرین کارڈز کے اجراءپر پابندی سے 1لاکھ 70ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوں گے۔