⁩قائداعظم ٹرافی 2024-25 کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

⁩قائداعظم ٹرافی 2024-25 کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
⁩قائداعظم ٹرافی 2024-25 کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی کی دفاعی چیمپئن کراچی ریجن وائٹس اس سال کی مہم کا آغاز پشاور ریجن کے خلاف 26 اکتوبر کو چارسدہ کے اشفاق گراؤنڈ میں کرے گی۔قائداعظم ٹرافی کی مجموعی انعامی رقم  ایک کروڑ چھبیس  لاکھ روپے ہے۔ فاتح ٹیم کو پچہتر لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو چالیس لاکھ روپے ملیں گے۔ پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں تین گروپس میں تقسیم ہوں گی۔ ہر گروپ کی سب سے اوپر والی سائیڈ  ٹرائنگولر مرحلے میں جائے گی۔سہ فریقی مرحلے میں  ہر گروپ سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم دو میچ کھیلے گی، جس میں سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 14 سے 18 دسمبر تک ہونا ہے۔ سہ فریقی مرحلے اور فائنل کے مقامات کا اعلان  مناسب  وقت پر کر دیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کا تسلسل ہماری قومی ٹیم کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے  کو یقینی بناتا ہے۔یہ ٹورنامنٹ نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور مردوں کی بین الاقوامی ٹیم میں نمائندگی کا موقع فراہم کرے گا۔
اس سال قائداعظم ٹرافی کی 8 سے 18 ٹیموں تک توسیع سے ٹیلنٹ پول میں اضافہ ہوگا اور مزید ریجنز کو اعلیٰ سطح پر حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ میں نے ذاتی طور پر تمام متعلقہ حکام کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے انتظامات اعلیٰ معیار کے ہوں۔ پی سی بی کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ٹورنامنٹ کو آسانی اور پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کے لیے بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق چھ شہر ایبٹ آباد، چارسدہ، گوجرانوالہ، اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی 45 گروپ میچز کی میزبانی کریں گے۔ اسلام آباد کے تین مقامات ڈائمنڈ گراؤنڈ، مرغزار گراؤنڈ اور نیشنل گراؤنڈ میں گروپ اے کے میچز ہوں گے۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم، چارسدہ کا اشفاق گراؤنڈ اور راولپنڈی کا شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم گروپ بی کے میچز کی میزبانی کریں گے۔ گوجرانوالہ کا جناح کرکٹ اسٹیڈیم، لاہور کا سعید اسپورٹس سٹی اور شیخوپورہ میں رانا نوید اکیڈمی گروپ سی کے میچز کی میزبانی کریں گے۔

18 ٹیموں میں ایبٹ آباد ریجن، فیصل آباد ریجن، حیدرآباد ریجن، اسلام آباد ریجن، لاہور ریجن وائٹس اور لاڑکانہ ریجن کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ اے جے کے ریجن، بہاولپور ریجن، کراچی ریجن وائٹس، ملتان ریجن، پشاور ریجن اور راولپنڈی ریجن گروپ بی میں شامل ہیں  جبکہ ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا ریجن، کراچی ریجن بلوز، لاہور ریجن بلوز، کوئٹہ ریجن اور سیالکوٹ ریجن گروپ سی میں ہیں۔ہر ٹیم کو گروپ مرحلے میں کم از کم پانچ میچ کھیلنے کا موقع ملے گا، ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم ٹرائنگولر مرحلے میں آگے بڑھے گی۔

مزید :

کھیل -