پارٹی ارکان نے استعفے جمع کرادیئے ، مشاورت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کروں گا : عمران خان

پارٹی ارکان نے استعفے جمع کرادیئے ، مشاورت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کروں گا : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،آئی این پی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تمام پارٹی سینیٹرز اور ارکان اسمبلی نے استعفے میرے پاس جمع کرادئیے ہیں اور مشاورت کے بعد مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کروں گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے مشکل میں پھنستے ہی سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوجاتا ہے، کراچی میں نقیب اللہ محسود کی ماورائے عدالت ہلاکت اور قصور میں بچی کا زیادتی کے بعد قتل جیسے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ پولیس کرپٹ ہے اور تمام صوبوں میں پولیس اصلاحات ضروری ہیں۔پارلیمینٹ سے مستعفی ہونے کے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے سینیٹرز اور ارکان اسمبلی نے استعفے میرے پاس جمع کرادئیے ہیں اور مشاورت کے بعد مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کروں گا۔ قومی اسمبلی میں اپنے خلاف منظور ہونے والی قرارداد کے بارے میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ جرائم پیشہ اور کرپٹ عناصر ہیں جو میرے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں، یہ لوگ اندر سے ملے ہوئے ہیں اور ان کے مفادات ایک ہیں۔عمران خان نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے معاملے پر مولانا فضل الرحمن بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، فاٹا میں موجود خلا پر نہ کیا تو انتہا پسندی بڑھے گی۔عمران خان نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کے حلف نامے میں ختم نبوتؐ سے متعلق ترمیم کے ذمے دار کا تعین ہونا باقی ہے، ترمیم کی تحقیقات کرنے والی راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے جبکہ ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم کے معاملے کو عوام کو بھولنے نہیں دیں گے لہٰذا بتایا جائے کہ حلف نامے میں تبدیلی کیوں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ پر حملے کررہے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار عدالت نے شریف خاندان کو پکڑا ہے اور اسے سزا ہونے جارہی ہے، اسی لیے نواز شریف چاہتے ہیں کہ کسی بھی طرح سزا سے بچ جائیں کیونکہ اگر انہیں سزا ہوگئی تو بیرون ملک ان کی اربوں ڈالر کی جائیداد منجمد ہوجائے گی۔عمران خان نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر امریکا کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے انتشار بڑھے گا لہٰذا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیصلہ واپس لیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعلی پنجاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا دھیلا کتنے سو ارب روپے کا ہے جس کے بارے میں وہ کہتا ہے کہ ایک دھیلے کی کرپشن بھی نہیں کی، ہم پنجاب میں کرپشن کا ڈیٹا خود اکٹھا کریں گے، شہباز شریف نے خیبرپختون خوا میں پولیس کو برا بھلا کہا تو عوام انہیں انڈے ماریں گے۔قبل ازیں اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر فیصلے کا اختیار عمران خان کو سونپ دیا۔اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے دینے اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق سی ای سی نے استعفوں کے معاملے پر فیصلے کا اختیار پارٹی چیئرمین عمران خان کو سونپ دیا۔سی ای سی ارکان نے کہا کہ استعفوں اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر عمران خان جو فیصلہ کریں گے اس کی مکمل حمایت کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی کے اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے تجاویز پیش کی گئیں جبکہ کمیٹی نے پارٹی کی رکنیت سازی مکمل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔دریں اثنا ء چیئرمین تحریک انصاف کے زیر صدارت پی ٹی آئی میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی کا اجلاس ، جس میں حدیبیہ کرپشن پر تحریک انصاف کے فریق بننے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا جبکہ ججوں سے متعلق نواز شریف کے بیان کی مذمت کی گئی ۔علاوہ ازیں اجلاس میں قومی اسمبلی میں ختم نبوتؐ ترمیم کوشرمناک جسارت قرار دیا اور اس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر نہ لانے کے حکومتی اقدام کو بھی اوچھے ہتھکنڈے قرار دیاگیا
پی ٹی آئی/اجلاس

اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم کے حوالے سے راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نیب کو دھمکیاں دے رہے ہیں،پی ٹی آئی کمیٹی تعمیراتی کمپنیوں میں پنجاب حکومت کی کرپشن سے متعلق کام کرے گی جبکہ پیپلز پارٹی کی کرپشن سامنے لانے کیلئے سندھ میں کمیٹی بنائیں گے۔ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ میں 20سال سے شریف خاندان کے خلاف مہم چلا رہا ہوں، ختم نبوتؐ کے معاملے پر ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے تھے، رہنما مجھ پر یقین رکھیں انتخابات میں ٹکٹ میرٹ پر دوں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا فراڈ تو ابھی آغاز ہے، نیب نے تحقیقات شروع کیں تو سستی روٹی، میٹرو، دانش سکول اور اورنج ٹرین کے حوالے سے کئی گھپلے منظر عام پر آئیں گے جنہیں ابھی تک چھپا کررکھا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کے سامنے ایک سال تک پیش ہوتا رہا اور اگر شہباز شریف بے گناہ ہیں تو تمام الزامات کا بہادری کے ساتھ سامنا کریں، جس طرح میں نے کیا اور خود کو بے گناہ ثابت کریں۔
عمران خان/ٹویٹر پیغام

مزید :

صفحہ اول -