2سینئر ہیڈماسٹرز کے خلاف مبینہ طور پر کرپشن کے الزام میں مقدمہ درج
حافظ آباد(نمائندہ پاکستان) محکمہ اینٹی کرپشن نے محکمہ تعلیم حافظ آباد کے 2سینئر ہیڈماسٹرز کے خلاف مبینہ طور پر کرپشن بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول پنڈی باورے کے پرائمری ٹیچر ضمیرالحسن نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پنجاب لاہور کو درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ سینئر ہیڈ ماسٹر مبشر نزیر نے سال 2021میں مذکورہ سکول میں قیام کے دوران درختوں کی کانٹ چھانٹ میں 59درخت غیر قانونی طور پر کاٹ کر بغیر نیلامی کے من پسند افراد کو فروخت کردیئے اور حاصل کردہ رقم میں بے ضابطگی کی اور سرکاری ریکارڈ میں بھی کانٹ چھانٹ کی گئی۔اس بدعنوانی کے زریعے ادارہ کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر سینئر ہیڈ ماسٹر مبشر نزیر اور اور ہیڈ ماسٹر محمد ساجد موجودہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ای او آفس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
جبکہ دیگر ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے تفتیش شروع کردی گئی۔