عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائیگا، سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں بحث کی جائے گی:حکومت کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ اس پر بحث کریں گے، ایوان میں قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ عزم استحکام آپریشن سے متعلق وزیردفاع بات کرنا چاہتے تھے لیکن اپوزیشن نے بات نہیں کرنے دی۔عزم استحکام آپریشن کیسے کیا جائے گا؟ اس پر بحث کریں گے اور ہم یہاں (ایوان) میں قومی سلامتی کمیٹی کو بلائیں گے، وزیراعظم بھی اجلاس میں بیٹھیں گے۔
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے، کچھ ایشوز بے ضرر ہوتے ہیں، اس سے آپ کی اور ہماری سیاست کو نقصان نہیں، عزم استحکام پر وزیر دفاع بات کررہے تھے لیکن آپ نے ایک لفظ نہیں سنا۔ اپوزیشن مشاورت نہ کرنے کا الزام لگاتی ہے لیکن ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آپ کے وزیراعلیٰ نے کوئی بات نہیں کی، وزیردفاع کی تقریر کا ایک لفظ اپوزیشن نے نہیں سنا، کیسے مشاورت کریں؟ایپکس کمیٹی اجلاس میں جامع اقدامات طے پائے، عدلیہ سے بھی کہا جائے گا اس میں سپورٹ فراہم کریں۔
ان کا کہناتھاکہ آپ کے وزیراعظم کی طرح ناراض ہوکر ہمارا وزیراعظم باہر نہیں بیٹھے گا بلکہ پوری کابینہ کے ساتھ یہاں موجود ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انسداد دہشتگردی کے لیے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی۔نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراءاور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے۔