جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا سردار محمد خان لغاری سپرد خاک
لاہور (نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری کو ان کے آبائی شہر ڈیرہ غازی خان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جنازے میں مقامی سیاسی مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ جے یوپی کے رہنما سابق رکن پنجاب اسمبلی پیر محفوظ مشہدی نے بھی شرکت کی اور مرحوم کے بھائی احمد خان لغاری اورحامد خان اوربیٹوں سے اظہار تعزیت کیا۔ واضح رہے کہ مرحوم محمد خان لغاری گذشتہ دن لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سابق مرکزی صدر اعجاز احمد ہاشمی نے مولانا محمد خان لغاری کے انتقال پر گہرے غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مولانا محمد خان لغاری نے زندگی بھر اسلام، تنظیم اور عشق رسول میں گذاردی۔انہوں نے انجمن طلباء اسلام سے لے کر جمعیت علمائے پاکستان تک اپنے تنظیمی سفر میں تحریک ختم نبوت، تحریک ناموس رسالت اور تحریک نظام مصطفی میں مجاہدانہ کردار ادا کیا۔ وہ مولانا شاہ احمدنورانی کے عاشق تھے۔ ان کے رحلت سے جمعیت علمائے پاکستان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ہم مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا گو ہیں۔
سپرد خاک