تحریک انصاف کے احتجاج میں افغان شہری بھی شامل ہیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہتحریک انصاف کے احتجاج میں غیر ملکی بالخصوص افغان شہری بھی شامل ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ تحریک انصاف کے گزشتہ احتجاج پر 100 گرفتار افراد میں سے 33 افغانی نکلے تھےجبکہ گزشتہ دو روز میں بھی کئی غیر ملکی گرفتار ہوئے ہیں، آپ کے احتجاج میں پاکستانی شامل ہیں یا پھر یہ احتجاج غیر ملکیوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کا یہ احتجاج ختم ہوگا تو قوم کے سامنے حقائق اور ہونے والےنقصانات کاتخمینہ رکھیں گے تاکہ عوام سب کو جان کرہی کوئی فیصلہ کرے، پی ٹی آئی کے احتجاج سے ملک کو نقصان اور عوام کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں موبائل سروس کھلی ہے تاہم موبائل ڈیٹا سروس بند ہے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس بھی کو جلد بحال کر نے کی کوشش کریں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ احتجاج کے حوالے سے بیرسٹر گوہر سے رابطہ ہوا اور انہیں غیر ملکی مہمانوں کے وفد کی پاکستان آمد کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، اگر تحریک انصاف ان تاریخوں کے علاوہ کسی اور دن احتجاج کرتی تو مجھے اُن کی نیت پر شک نہیں ہوتا مگر پی ٹی آئی ایسے مواقعوں پر ہی احتجاج کی کال دیتی ہے جبکہ کوئی عالمی ایونٹ یا شخصیت پاکستان میں ہو۔