سعودی عرب سے متعلق بیان پر بشریٰ بی بی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج
گوجرانوالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف سعودی عرب سے متعلق بیان پر ایک اور مقدمہ درج ہوگیا۔
سماء نیوز کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے خلاف سعودی عرب سے متعلق بیان پر گوجرانوالہ کے تھانہ گکھڑمنڈی میں شہری سعید بٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں ملک میں انتشار پھیلانے ، جذبات مجروح کرنے اور پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔مدعی مقدمہ کے مطابق نجی ہوٹل میں ٹی وی دیکھ رہا تھا جس پر بشریٰ بی بی کا بیان دیکھا جو پاک سعودی تعلقات پرکاری ضرب ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے پاکستان اور سعودی عرب کی جذباتی وابستگی کو ٹھیس پہنچایا ہے اور انہوں نے اشتعال انگیز بیان دے کر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر کاری ضرب لگائی۔بشریٰ بی بی کے بیان سے مذہبی منافرت کو ہوا ملی۔پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔