وزیر داخلہ کی ہدایت پر راولپنڈی کی سڑکیں عوام کیلئے کھولی جانے لگیں
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ہدایت پر راولپنڈی کی سڑکوں سے کنٹینر ہٹا کر سڑکیں عوام کیلئے کھولنے کا کام فوری شروع کر دیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ کو سڑکوں سے کنٹینر ہٹانے کی ہدایت دی تھی ۔ پولیس کے مطابق کنٹینر سڑکوں پر موجود رہیں گے مگر عوام کیلئے راستہ کھولا جا رہا ہے ۔
پریس کانفرنس میں شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ عوام کی پریشانی سے آگاہ ہوں ، لوگوں کو دفاتر ، ہسپتال جانے میں مشکلات کا سامنا ہے ، مائیں اپنے بچوں کو فون کر کے خیریت دریافت کرتی ہیں ، کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات طے پا گئے ہیں ، کالعدم ٹی ایل پی پر امن احتجاج کر رہی ہے، کل صبح (پیر) کو ان کا وفد وزارت داخلہ آئے گا جہاں معاملات طے پا جائیں گے ۔