سیف علی خان کا عالیشان پٹودی پیلس انکے دادا نے کس خاتون کیلئے بنوایا؟ سوہا علی کا انکشاف
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ اداکار اور چھوٹے نواب سیف علی خان اہلیہ کرینہ کپور اور دو بیٹوں کے ساتھ پٹودی پیلس میں رہائش پذیر ہیں جس کی مالیت اس وقت 8 ارب بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔
ہریانہ میں واقع پٹودی محل آخری حکمران نواب افتخار علی خان نے تعمیر کروایا تھا جو فی الحال ان کے پوتے اور اداکار سیف علی خان کی ملکیت ہے۔
حال ہی میں سیف علی خان کی بہن اداکارہ سوہا علی خان نے اپنے آبائی گھر سے متعلق بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ پٹودی پیلس کو ان کے دادا نواب افتخار علی خان نے اپنے سسر کو متاثر کرنے کے لئے تعمیر کروایا تھا۔
سوہا علی خان کا کہنا تھا کہ ان کی دادی ساجدہ سلطان بھوپال کی بیگم تھیں اور ان کے دادا پٹودی کے نواب تھے، دادا کئی سالوں سے دادی کی محبت میں گرفتار تھے لیکن دادی کے والد دونوں کی شادی کیلئے راضی نہ تھے۔
سوہا کے مطابق چونکہ دادا کھیل کے شوقین تھے، اس لئے دادی کے والد ان کو پسند نہیں کرتے تھے، بعد ازاں دادا نے 1935میں دادی سے شادی کی خاطر پٹودی پیلس تعمیر کروایا لیکن پٹودی پیلس کی تعمیر کے دوران دادا کے پاس پیسے ختم ہوگئے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ پٹودی پیلس جائیں تو دیکھیں گے وہاں بہت سے قالین ہیں، ان قالینوں میں کچھ کے نیچے سنگ مرمر کا فرش ہے جبکہ کئی جگہوں کا فرش عام سیمنٹ کا ہے وہ اسی لئے کے دادا کے پاس پیسے ختم ہوگئے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس محل کے گراو¿نڈ پر ان کے پاس ایک وسیع وعریض کمرہ ہے جو دو بی ایچ کے (بیڈروم ، ہال ، کچن) جتنا بڑا ہے جبکہ ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور جائیداد کے انتظام و انصرام کی نگرانی کرتی ہیں۔
محل سے متعلق سوہا علی خان نے یہ بھی بتایا کہ سیف علی خان نے محل کو پینٹ کرنے کے بجائے وائٹ واش کرکے پیسے بچائے ہیں۔