حکومت کے انقلابی اقدامات سے شرح خواندگی میں اضافہ ہو رہا ہے:رانا تنویر
شیخوپورہ(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر ہم کسی بھی میدان میں ترقی نہیں کرسکتے موجودہ حکومت نے تعلیمی میدان میں بڑے انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے شرح خواندگی میں اضافہ ہورہا ہے اور تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے پرائیویٹ سیکٹر کی طرح سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور انہیں حصول تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے یونیورسٹیوں کالجز و اسکولز کی سطح پر خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوسٹ گریجوایٹ کالج سول لائن شیخوپورہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نواز لیگ کے سینئر رہنما چوہدری شہباز چھینہ، سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر امان اللہ بھٹی، وائس پرنسپل حافظ عبدالرحیم اشرف، مرکزی انجمن تاجران کے صدر امجد نذیر بٹ، چیئرمین حاجی غلام نبی ورک، سابق ناظم رانا ممتاز محمود مون خاں، چوہدری سرفراز چھینہ، پروفیسر داؤد احمد، پروفیسر شہزاد معراج و دیگر موجود تھے۔، اس موقع پر وفاقی وزیر نے گورنمنٹ کالج کی اراضی کا انتقال کالج کے نام کروانے کا اعلان اور کالج کے احاطہ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم فروغ تعلیم کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں سابقہ دور اقتدار میں بطور وفاقی تعلیم جو تعلیمی اصلاحات کیں ان کے ثمرات واضح طور پر سب کے سامنے ہیں شعبہ تعلیم فعال ہوااور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونے سمیت اساتذہ و طلبہ کو لاحق مسائل کا حل ممکن ہوا اب بھی تعلیمی امور پر توجہ مرکوز ہے کیونکہ تعلیم ہی ملکی معاشرے کی پائیدار ترقی وخوشحالی کی ضمانت ہے، اس وقت ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ مسلم لیگ(ن) لیگ کے دور میں ہی خوشحالی آئی اب بھی وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی محنت رنگ لائے گی اور ملک بحرانوں سے نکل آئے گا مجھے گزشتہ 40 سال سے ممبر نیشنل اسمبلی رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا اور عوامی مفادات کے فیصلے کئے انشاء اللہ اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی اورمعاشی استحکام کے وعدے کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، تقریب کے اختتام پر اساتذہ و طلبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے گئے۔