سردی کی شدید لہر ، الرٹ جاری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سردی کی شدید لہر کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔
صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز مراسلہ جاری کیا گیا اور احتیاطی تدابیر بارے مہم چلانے کی ہدایت جاری کی گئیں ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مراسلہ جاری کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ سردی ،دھند، برف باری میں لاپروائی جان لیوا ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ ہیٹر کے استعمال ، خطرناک گیسوں کےبارے میں شعور بیدار کیا جائے۔ سیاحت کے لیے جانے والوں کو تمام ضروری ہدایات فراہم کی جائیں۔ ضلعی انتظامیہ مقامی سطح پر بھرپور مہم چلائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میڈیا سمیت تمام کمیونیکیشن ٹولز کے ذریعے لوگوں کو ضروری معلومات دیں۔ این ڈی ایم اے کی ہدایات کے پیش نظر انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا گیا۔عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ گیس ہیٹرز ، گیزر وغیرہ کے استعمال میں لاپروائی سے جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔