چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ردعمل آگیا
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ برابری اور عزت کی بنیاد پر چیمپئنز ٹرافی کا معاہدہ طے پایا ہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے شیڈول کے اجرا کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کے ساتھ دیگر ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہیں گے۔
آج نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر برابری اور عزت کی بنیاد پر میگا ایونٹ کا معاہدہ طے پایا ہے، معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ باہمی تعاون کے ساتھ معاملات طے پائے، باہمی حل کے لیے آئی سی سی بورڈ ممبرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں ، آفیشلز اور شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ ہوگا۔
قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پوری دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہیں، ٹرافی کی میزبانی کے لیے بہت پرجوش ہیں، میگا ایونٹ سے پہلے فتوحات ٹیم کی تیاری اور تعمیر میں اضافہ ہوا ہے، کھلاڑی بے تابی سے اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے اور 8 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے منتظر ہیں۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ایک بہترین موقع ہے پاکستان 28 برسوں میں اپنے یہاں پہلے آئی سی سی ایونٹ کا خیرمقدم کرتا ہے، دفاعی چیمپئن اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔