انسانی تاریخ کا سب سے مہلک دن، جب ایک ہی جھٹکے میں 8 لاکھ لوگ مرے، وجہ کوئی جنگ نہیں

انسانی تاریخ کا سب سے مہلک دن، جب ایک ہی جھٹکے میں 8 لاکھ لوگ مرے، وجہ کوئی جنگ ...
انسانی تاریخ کا سب سے مہلک دن، جب ایک ہی جھٹکے میں 8 لاکھ لوگ مرے، وجہ کوئی جنگ نہیں
سورس: Creative Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) انسانوں نے ایک دوسرے کو مختلف طریقوں سے نقصان پہنچایا ہے تاہم بہت سے لوگ یقین رکھتے ہیں کہ انسانی تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز دن قدرتی آفت کے سبب آیا تھا، اگرچہ اس کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔چین کے صوبہ شانشی جو کبھی چینی تہذیب کا "گہوارہ" سمجھا جاتا تھا، کو 23 جنوری 1556 کی صبح ایک شدید زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا۔اگرچہ زلزلہ صرف چند سیکنڈ تک جاری رہا لیکن اندازہ لگایا جاتا ہے کہ ایک لاکھ لوگ فوراً ہلاک ہو گئے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ ،، آگ، نقل مکانی، اور قحط کی وجہ سے مزید آٹھ لاکھ 30 ہزار افراد موت کا شکار ہوئے۔

پہلی اور دوسری عالمی جنگوں، وباؤں، قحطوں، اور سیلابوں جیسے بڑے سانحات کی مجموعی اموات یقیناً کہیں زیادہ ہیں، لیکن اگر ایک دن کی تباہی کو دیکھا جائے تو شانشی کا زلزلہ، جسے جیاجنگ زلزلہ بھی کہا جاتا ہے، سب سے زیادہ مہلک واقعہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ تاریخ کا سب سے مہلک زلزلہ بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔

اس زلزلے کی شدت 8.0 سے 8.3 کے درمیان سمجھی جاتی ہے۔ اگرچہ اس سے پہلے اور بعد میں بہت سے زیادہ شدت والے زلزلے آ چکے ہیں، لیکن ہواشیان، وینان، اور ہوا ئین کے آس پاس کے شہروں کو جغرافیہ اور اس وقت کے شہری ڈیزائن کی وجہ سے غیر معمولی نقصان اٹھانا پڑا۔ویئی ریور ویلی، جو شمالی وسطی چین میں لوئیس سطح مرتفع سے گزرتی ہے، زلزلے کے مرکز کے لیے جغرافیائی طور پر ایک غیر معمولی مقام ہے۔ یہ سطح مرتفع لوئیس سے بنی ہے، جو صحرائی دھول سے ہوا کے ذریعے جمع ہونے والا ایک نرم مادہ ہے، اور گوبی صحرا کے نیچے واقع ہے۔

اس خطے میں جان لیوا لینڈ سلائیڈز عام ہیں۔ اس وقت کے بہت سے گھر نرم لوئیس چٹانوں میں براہ راست بنائے گئے تھے، جنہیں یاؤڈونگ یعنی انسانی ساختہ غاریں کہا جاتا ہے۔ جب زلزلہ صبح کے اوائل میں آیا تو ان میں سے کئی یاؤڈونگز گر گئیں، اور پورے سطح مرتفع پر لینڈ سلائیڈز دیکھنے کو ملیں۔ نہ صرف یاؤڈونگز کے گرنے سے شدید نقصان ہوا بلکہ شہروں میں موجود زیادہ تر عمارتیں بھاری پتھروں سے بنی ہوئی تھیں، جو مزید تباہی کا سبب بنیں۔

ہسٹری ڈاٹ کام کے مطابق اس خطے میں تین اہم فالٹ لائنز   پیڈمونٹ فالٹ، ویئیے فالٹ، اور نارتھ ہوا شان فالٹ لائن ہیں۔ 1998 میں کی گئی ایک جیولوجیکل تحقیق کے مطابق نارتھ ہوا شان فالٹ 1556 کے زلزلے میں ایک اہم عنصر تھا ۔ شانشی زلزلے نے زلزلوں کی وجوہات اور مستقبل میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے کے طریقوں کی تحقیقات کو جنم دیا۔ نتیجتاً، پتھر کی عمارتوں کو نرم، زیادہ زلزلہ  پروف مواد جیسے لکڑی اور بانس سے تبدیل کر دیا گیا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -