ہانیہ عامر نے اپنی خوش مزاجی کے پیچھے چھپا راز بتا دیا
کراچی (آئی این پی) معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی خوش مزاج طبیعت کی وجہ اپنے مشکل ترین بچپن کو قرار دے دیا۔
حال ہی میں ہانیہ عامر بھارتی اداکار، وی جے، ٹیلی ویژن پرسنلٹی اور ہوسٹ رن وجے سنگھا کے کار شو میں ان کو انٹرویو دیتی نظر آئیں جہاں انہوں نے دلچسپ گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مایوس کن و مشکل بچپن کے بارے میں بھی بتایا۔رن وجے نے ہانیہ عامر سے پوچھا کہ 'ان کو اپنے بچپن کی کون سی باتیں یاد ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے بچپن کی زیادہ چیزیں یاد نہیں، سچ بتائوں تو میرا بچپن کافی مایوس کن اور مشکل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ جب آپ اپنے ارد گرد موجود لوگوں کو مایوس یا افسردہ پاتے ہیں تو آپ کی پھر یہ کوشش ہوتی ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ مثبت شخصیت کے مالک بنیں اور ہر وقت خوش رہنے کی کوشش کریں۔ہانیہ عامر نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 'مجھے ہر معاملے کا مثبتیت کے ساتھ سامنا کرنا پسند ہے، اور یہی مضحکہ خیز بات ہے جیسے مجھے مذاق کرنا بے انتہا پسند ہے اور اب یہ سب میری زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر ماضی میں انکشاف کر چکی ہیں کہ ان کے والدین میں علیحدگی ہو گئی تھی اور اسی وجہ سے ان کا بچپن کافی مشکل تھا۔