پی پی اور (ن) لیگ میں ناکام حکمران ہیں، عوام چاہتی ہے کہ عمران خان آئے تو ان کو آنا چاہیے:مفتاح اسماعیل
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) عوام پاکستان کے سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کی جو حالت ہوتی ہے اسے جمع کرتے ہیں تو قوم کی حالت بنتی ہے، کیا کسی پاکستانی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اور( ن) لیگ میں ناکام حکمران ہیں۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے، آج ہم نے مزار قائد پر حاضری دی، آج ہم قائد اعظم سے معافی مانگنے آئے ہیں، ہم شہر میں پانی نہیں دے سکے، لاہور میں صاف ہوا نہیں دے سکے۔ ہم اپنے لوگوں کو روزگار نہ دے سکے ، ہم اپنے بچوں کو نہ تعلیم دے سکتے ہیں نہ ہی کفالت کرسکتے ہیں، لوگوں کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے، مہنگائی کی رفتار میں کمی ہوئی ہے، مہنگائی میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں کام کرنے والے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، باقی لوگوں کی حالت بدتر ہے، حکومت تنخواہ پیشہ سے ٹیکس لے رہی ہے، اربوں روپے زرعی اراضی رکھنے والے ٹیکس فری ہیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت اضلاع اور ڈویژن کو طاقت دی جائے، ہر پاکستانی 50 ہزار روپے سالانہ صوبائی حکومت کو دیتا ہے۔ہمارے ہاں دنیا کے مہنگے ترین ٹیکس نافذ ہیں، دنیا میں مہنگی ترین بجلی اور گیس دیتے ہیں ،( ن) لیگ کے پاس مورل کریڈیبیلٹی تھی، 2024 کے الیکشن( ن) لیگ نے چوری کیے، (ن )لیگ اعتبار کھو چکی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ پی ٹی آئی والے حقیقی آزادی کے قائل ہیں، مگر آزادی کے لیے امریکا کی منت ترلے کر رہے ہیں، اگر ہم جمہوریت ہیں تو جمہور کی رائے لینا ضروری ہے۔ حکومت اور پی ٹی آئی ایک ساتھ بیٹھ کر بات کریں، عوام چاہتی ہے کہ عمران خان آئے تو ان کو آنا چاہیے، عوام کی مرضی کے آگے پاکستانی اداروں کو سر تسلیم خم کرنا چاہیے۔