فوجی تنصیبات پر حملہ ہوگا تو ٹرائل بھی فوجی عدالتیں ہی کریں گی: عطا تارڑ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ملٹری کورٹ کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ماضی میں فوجی عدالتوں کے فضائل بیان کئے، تحریک انتشار نے اس پر سیاست کی کوشش کی، فوجی تنصیبات پر حملہ ہوگا تو ٹرائل بھی فوجی عدالتیں ہی کریں گی، تحریک انصاف سیاست نہ کرے اور معاملے کو متنازع نہ بنائے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار نے 2 دن سے ملٹری کورٹس کی جانب سے سزاوں کے معاملے پر پراپیگنڈا کیا، ملک سے باہر بھی لابنگ کی جارہی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو سزاوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کئے تھے، اس لئے ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح منشیات کا مقدمہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی کورٹس (اے این ایف کورٹس)، دہشتگردی کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں (اے ٹی سیز) میں چلتا ہے، ریلوے تنصیبات پر حملہ ہو تو اسے ریلوے پولیس دیکھتی ہے، اسی طرح فوجی مقامات پر حملے کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ 9 مئی کے تمام ملزمان کو فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا ہے، عدالتوں میں ملزمان کے وکیل موجود تھے، ملزمان کی فیملیز کو ان سے ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر فوجی عدالتیں اتنی ہی بری ہیں تو ماضی میں آپ کے لیڈر ان کے فضائل کیوں بیان کرتے رہے؟، قانون کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار کے پراپیگنڈے کا مقصد رعایت حاصل کرنا ہے تاہم ایسا ممکن نہیں، آپ کے پاس دیگر فورمز پر اپیل کا حق ہے، اسے استعمال کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے ٹرائل میں عالمی قوانین کی پاسداری کی گئی، انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں ملیں گی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج وزیراعظم نے قائداعظم کی ولادت اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب ملکر اس ملک کو عظیم بنائیں گے۔