منی لانڈرنگ کرنے والے ملک اورعوا م کے دشمن ہیں،اعجازچودھری

منی لانڈرنگ کرنے والے ملک اورعوا م کے دشمن ہیں،اعجازچودھری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے قائدین بہانے بنا کر ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔منی لانڈرنگ کرنے والے ملک اور عوام کے دشمن ہیں ان کونہیں چھوڑیں گے۔ کبھی مچھر اور کبھی پلیٹ لیٹس کی کمی کا بہانابنایا جا رہا ہے۔ صرف ڈی سی اور ڈی پی او بدلنے سے نظام ٹھیک نہیں ہوگا بلکہ تعفن زدہ پورا سسٹم ہی بدلنا ہوگا۔ دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد نریندر مودی ہے جس نے بھارت سمیت کشمیر میں مسلمانوں کی زندگیوں کو غذاب بنا دیا ہے۔ عالمی برادری مودی کی انسانیت دشمن کاروائیوں کے خلاف فوری ایکشن لے وہ شکرگڑھ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ شریف برادران اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر لندن بھاگ گئے ہیں۔

مسترد شدہ ٹولا پی ٹی آئی کی حکومت پر بلاجواز تنقید کررہا ہے۔ پیپلزپارٹی اور(ن)لیگ کی قیادت نے ملک کو تاریکیوں میں ڈبویا ۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ عالمی طاقتیں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کررہی ہیں۔ بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ ایف اے ٹی ایف نے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔ سفارتی سطح پر بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی ہے۔ کنونشن سے جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب علی امتیاز وڑائچ، چوہدری طارق انیس، شبیرسیال، قاری ذوالفقار سیالوی، ندیم نثار چوہدری،چوہدری اقبال اختر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جماعت ہے کار کنوں کی عزت ہر صورت مقدم ہے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے خزانے کو بے دردی سے لوٹا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ایک ایماندار قیادت مل چکی ہے۔ پی ٹی آئی تنظیم کو ضلع سے لے کر یونین کونسل تک منظم کررہے ہیں۔