فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کراچی میں ڈپٹی کمشنر تعینات، پی ٹی آئی سیخ پا، متحدہ کا عدالت جانے کا اعلا ن

فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کراچی میں ڈپٹی کمشنر تعینات، پی ٹی آئی سیخ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی تعینات کردیا گیا۔سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ضیا الرحمان کو فرحان غنی کی جگہ ڈی سی سینٹرل تعینات کیا گیا ہے۔ضیا الرحمن کا تعلق پرووینشل منیجمنٹ سروس خیبر پختونخوا سے ہے۔ ضیا الرحمن کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کی گئی تھیں اور انہیں تاحکم ثانی ڈپٹی کمشنر وسطی تعینات کیا گیا ہے۔سابق ڈی سی سینٹرل فرحان غنی کا تبادلہ کرکے ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ تعینات کردیا گیا ہے۔دوسری جانب فضل الرحمان کے بھائی کی تعیناتی پر تحریک انصاف کے رہنما چراغ پا ہوگئے ہیں۔ وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی بغیر ٹیسٹ اور میرٹ بھرتی ہوئے، پتہ نہیں کس قانون کے تحت فضل الرحمان کے بھائی کو سول سروسز میں لایا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نواز شریف کو چور اور ڈاکو کہہ کر پکارتے رہے لیکن کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ لے کرنواز حکومت کا حصہ بن گئے۔ وزیراعظم عمران خان اسمبلی کو بغیر ڈیزل کے چلا رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی تعیناتی پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری سعید آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو بھی اب خرچوں کیلئے ڈیزل کی ضرورت پڑھ گئی ہے۔مولانا فضل الرحمان کے بھائی کو تعینات کرنے کا اقدام آل پارٹیز کانفرنس کو کامیاب کرنا ہے۔ سندھ حکومت اپنے ڈی سیز کی کارکردگی سے مکمل مایوس ہوگئی ہے۔جبکہ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کا بھائی ہونا کوئی جرم نہیں ہے۔ ضیا الرحمان خیبرپختونخوا میں بھی انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں،ضیا الرحمان کی تعیناتی ایک مکمل انتظامی معاملہ ہے۔ادھر ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے فضل الرحمان کے بھائی کو کے پی کے سے سندھ میں ڈپٹی کمشنر لگانے پر سندھ حکومت کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کردیا۔خواجہ اظہار نے کہا کہ کے پی کے سے کراچی میں ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی پر پٹیشن دائر کریں گے، انصاف میں تاخیر پر عدالتوں پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ ہے انصاف کے لیے ٹائم فریم دیں، وفاق کی جانب سے آئی جی پیپلزپارٹی کو قبول نہیں ہورہا تھا اور اب پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا سے ڈپٹی کمشنر لاکر بٹھا رہی ہے۔
ضیا الرحمان

مزید :

صفحہ اول -