پُرامن پاکستان کے لئے افواج پاکستان کی جدوجہد

پُرامن پاکستان کے لئے افواج پاکستان کی جدوجہد
پُرامن پاکستان کے لئے افواج پاکستان کی جدوجہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

قارئین کاروباری مصروفیات کی وجہ سے میری غیر حاضری کچھ طویل ہی ہو گئی، جس کے لئے معذرت چاہتا ہوں اور ان قارئین کا شکرگزار بھی ہوں جو ہمیشہ میرے کالموں کو پسند کرتے ہیں اورغیرحاضری کے دوران میں ہونے والے کئی ایشوز پر مجھے لکھنے کے لئے کہتے بھی رہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ پاکستان میں ہونے والے واقعات کو اوورسیز پاکستانی کس نظر سے دیکھتے ہیں اور ان کا کیا ردعمل ہے، کیونکہ پاکستان میں پیش آنے والے مختلف واقعات اوراقدامات پر پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے بہت کم موقف یاردعمل اخبارات کی زینت بنتا ہے، مگر افسوس میں ٹائم نہ نکال سکا، مگر گزشتہ دنوں ہونے والے چند واقعات نے مجھے ایک بار پھر قلم اٹھانے پر مجبور کردیا اور اب میں انشااللہ کوشش کروں گا کہ وقتاً فوقتاً حاضری ہوتی ر ہے آج جس موضوع پر لکھنے کا ارادہ کیا ہے وہ پاک افواج کی پاکستان میں امن کے لئے کی جانے والی قابل قدر کوششیں ہیں جو وزیرستان کے ضرب عضب سے لے کر کراچی میں حالیہ آپریشن تک پھیل چکی ہیں۔ ایک وقت تھاجب کراچی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا اور پورے ملک سے عوام روزی روٹی کے لئے کراچی کا رخ کیا کرتے تھے کراچی کانام لبوں پر آتے ہی خوشحالی و ترقی کے تصور کا خاکہ سامنے آجاتا تھا، مگر گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اس کی یہ روشنیاں چھین لی گئیں اور پھر ایک وقت یہ آیا کہ کراچی کا نام ذہن میں آتے ہی روزگار،معاشی خوشحالی اور روشنی کی بجائے ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا تصور ذہن میں گھومنے لگ گیا اور بات یہاں تک آن پہنچی کہ کراچی سے ہر روز درجنوں لاشوں کا ملنا ایک معمول سا بن گیا کراچی کے ان بدترین حالات پر سپریم کورٹ آف پاکستان اپنے ریمارکس میں کہہ چکی ہے کہ ’’اس کی ذمہ دار وہ سیاسی جماعتیں ہیں، جنہوں نے خود میں عسکری ونگز پال رکھے ہیں۔ کراچی کے امن کے لئے سب سیاسی جماعتوں کو ان عسکریت پسندوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی‘‘ سپریم کورٹ کے ان کھلے الفاظ کے باوجود اس کا کوئی اثر نہیں لیا گیا اور اہلِ کراچی اپنے پیاروں کو ہر روز جانوروں کی طرح سڑکوں پر تڑپتے اورمرتے دیکھتے رہے اور یہی صورت حال شمالی و جنوبی وزیرستان اور ملک کے دوسرے حصوں میں بھی ہوگئی جہاں پر عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں نے باقاعدہ ڈیرے ڈال لئے اوروہ پہلے عوام کو نشانہ بناتے رہے اور پھر افواج پاکستان پر ہی حملے شروع کر دیئے، جس کے نتیجے میں آخر کار حکومت نے ضربِ عضب کی منظوری دی اور افواج پاکستان جو دُنیا کی بہترین صلاحیتوں کی حامل آرمی ہے اس نے ان امن دشمنوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ و برباد کر دیا، جس کی وجہ سے پاکستان میں آئے روز ہونے والے بم دھماکوں میں نمایاں کمی آئی ہے انشااللہ بہت جلد یہ مشن مکمل ہو گا۔ دوسری جانب کراچی کے خراب حالات کو سدھارنے کا مشن بھی رینجرز کے سپردکردیا گیا ہے، جنہوں نے اس کے لئے بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے کراچی امن مشن شروع کردیا ہے، جس کے بہترین رزلٹ آرہے ہیں کہ جب سے رینجرز نے نائن زیرو،لیاری اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے ہیں تب سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اگرچہ گزشتہ دنوں کراچی میں رینجرز کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو جوان شہید بھی ہوگئے، مگر ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہماری بہادر افواج نے اپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں اور مفادات کی حفاظت کی ہے اور ملک کے نام کو ہر حال میں روشن رکھا ہے اس طرح کی قربانیوں سے ہماری افواج کے مُلک کے لئے جان دینے کے جذبے کو مزید تقویت ملتی ہے ۔


یہاں نیویارک میں پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کے دوستوں سے تقریباً ہر روز ہونے والی ملاقاتوں میں آج کل جو موضوع سب سے زیادہ زیر بحث آتا ہے وہ یہی ہوتا ہے کہ پاکستان میں چیک اینڈ بیلنس کی کمی، اداروں میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں اور بڑھتی ہوئی کرپشن نے پہلے ہی مک کا بیڑا غرق کر رکھا ہے اب اگر گزشتہ کچھ عرصے سے ملک میں اٹھنے والی بدامنی کی لہرکو پاک فوج اور رینجرز روکنے کے لئے آگے نہ بڑھتی، تو اس ملک کا کیا حا ل بنتا ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ پاک فوج اور رینجرز نے ملکی سلامتی کے لئے ہمیشہ بہترین خدمات سرانجام دی ہیں اور حالیہ دنوں میں انہوں نے ملک دشمن عناصر کے خلاف جو آپریشنز شروع کررکھے ہیں ان کو بے رحمی سے جاری رکھنا چاہئے اور ہر اس قوت کو نیست و نابود کردینا چاہئے جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی بھی کوشش کرے اور انشااللہ ایسا ہو گا بھی اور بہت جلدپاکستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگااور اس مشن میں پوری اوورسیز کمیونٹی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہماری ہمدردیاں اور دعائیں اپنی جانباز اور بہادر افواج کے ایک سپاہی سے لے کر آرمی چیف تک کے ساتھ ہیں،جو پاکستان کی بقا اور سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان میں آنکھ کھول سکیں سلام ہے ان عظیم جوانوں پر جو اپنا آج ہمارے کل پر قربان کررہے ہیں۔

مزید :

کالم -