حکومت طاہرالقادری کو گرفتارکرنے کی غلطی نہ کرے، معصوم نقوی

حکومت طاہرالقادری کو گرفتارکرنے کی غلطی نہ کرے، معصوم نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) جمعیت علما پاکستان( نیازی )کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ حکومت علامہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی گرفتاری اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کی غلطی کرنے کی بجائے ، شہباز شریف ، رانا ثنا اللہ خان اور سانحہ ماڈل ٹاون میں نامزد دیگر ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔ کسی قسم کا ظالمانہ اور غیر قانونی اقدام اشتعال انگیزی اور حکمرانوں کی تباہی کا باعث بنے گا۔ دارالعلوم حزب الاحناف میں جے یو پی کی مرکزی مجلس شوریٰ اور مجلس عاملہ کے مشترکہ اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو گرفتارکرنے کی حکومت غلطی نہ کرے۔
سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداکے ورثا اور عوامی تحریک کو انصاف ملنا چاہیے۔ مگر لگتا ہے کہ حکمران صرف گولی اور لاٹھی کی زبان میں بات کرتے ہیں۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے ورثا کو انصاف دلانے کے لئے علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور طبقات متفق ہیں کہ عوامی تحریک کے کارکنوں پر ظلم ریاستی دہشت گردی اور بربریت ہے۔ مگر انہیں سمجھ نہیں آرہی۔حکومت عقل سے کام لے، 17 جون 2014ء کے ظلم کو لوگ ابھی بھولے نہیں۔ بلکہ ان شہدا کا قصاص مانگ رہے ہیں۔ اس لئے کسی ایسے اقدام سے گریز کیا جائے جو اشتعال انگیزی کا باعث بنے۔