پاکستان قونصلیٹ جدہ کے زیر انتظام تمام پاکستانی سکولوں میں بانیٔ پاکستان اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے افکار کے فریم آویزاں کرنے کا فیصلہ

پاکستان قونصلیٹ جدہ کے زیر انتظام تمام پاکستانی سکولوں میں بانیٔ پاکستان ...
پاکستان قونصلیٹ جدہ کے زیر انتظام تمام پاکستانی سکولوں میں بانیٔ پاکستان اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے افکار کے فریم آویزاں کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ(محمد اکرم اسد سے) پاکستان قونصلیٹ جدہ کے زیر انتظام تمام پاکستانی سکولوں میں طلباء اور طالبات کو قائد اعظمؒ  کے افکار سے روشناس کرانے کیلئے   قائداعظم اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے افکار کے فریم آویزاں کیے جائیں گے جبکہ  خاص مواقع پر  قائد اعظمؒ  علامہ اقبال اور  آزادی کی  تحاریک پر پروگرا م منعقد کئے جائیں گے تا کہ نئی نسل کو ان شخصیات کے بارے میں ہو سکے کہ انہوں نے کن حالات میں پاکستان کی جدوجہد کو کامیاب بنایا جبکہ پاکستان سے مختلف شخصیات کو دعوت دی جائے گی کہ وہ  تحریک پاکستان اور قائد اعظم کے افکار سے روشناس کرائیں،  یہ بات قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے جدہ میں تقریب کے دوران کہی ۔

پاکستانی صحافیوں کی جانب سے منعقد کی جانے والی قائد اعظم کی  148 ویں یوم پیدائش پر ایک پروقار تقریب میں  کی  جانے والی سفارشات پر فوری عمل کی ہدایا ت کے ساتھ  قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے  اس اقدام کی ضروریات پر زور دیا ۔ صحافیوں نے انہیں بتایا کہ یہ اعزاز پورے سعودی عرب میں جدہ کے صحافیوں کو جاتا ہے کہ انہوں نے بانیٔ پاکستان کی یاد تازہ کرنے کیلئے اس تقریب کا اہتمام کیا ،صحافیوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ  کمیونٹی کی جانب سے کوئی تقریب اس سلسلے میں   منعقد نہ  ہوئی۔

قونصل جنرل نے یہ یقین دلایا کہ آئندہ سے ان دنوں کا  قونصلیٹ بھر پور اہتمام کرے گا۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں قائد اعظم ،علامہ اقبال  و دیگر تحریک پاکستان کے سپاہیوں کوسلام پیش کیا جن کی انتھک محنت کی وجہ سے  آج پاکستان ایک آزاد ملک  ہے ، بانیٔ پاکستان نے اپنی بیماری کا بھی کسی سے ذکر نہ کیا اور جدوجہد جاری رکھی۔

تقریب سے جہانگر خان، مسرت خلیل، اور امیر محمد خان نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ  جدہ میں مقیم پاکستانی میڈیا سے تعلق رکھنے والے  صحافیوں  نے  بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب میں عشائیہ سے قبل قونصل پریس محمد عرفان نے قائد اعظم پر لکھی گئی کتابوں سے اقتسابات پیش کئے۔ تقریب کے آخر میں قونصل جنرل نے  صحافیوں کے ساتھ ملکر "یوں دی ہمیں آزادی" کے نغمے کی دھن پر بانی پاکستان   کی سالگر ہ کا کیک کاٹا۔